غزہ میں پانی ہے نہ خوراک،اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہاہے، وزیر خارجہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین کے غریب عوام کی نسل کشی کررہا ہے، لوگوں کے پاس پانی ہے نہ خوراک ہے، غزہ کے گھیراو کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیل فلسطین پراقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرے، پاکستان کی پوزیشن ماضی سے پیوستہ ہے، موقف میںکوئی تبدیلی نہیں آئی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا فلسطین کو فوری انسانی امداد فراہم کرنے کےلئے تیار ہیں، اسرائیل تاحال فلسطینیوں تک امداد پہنچانے کی اجازت نہیں دے رہا، مصری حکام سے رابطے میں ہیں، او آئی سی کا خصوصی اجلاس 18 اکتوبر کو جدہ میں ہوگا، بحیثیت وزیر خارجہ پاکستان شرکت کرونگا۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا فلسطین ہمارے لئے انتہائی اہم ہے اور اسرائیل کی جانب سے سول آبادی پر جارحیت سے سینکڑوں خواتین، بچے جاں بحق ہوچکے، غزہ کی ناکہ بندی کی مذمت کرتے ہیں، عوام کو پانی، خوراک اور ادویات سمیت بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے، فلسطینی عوام کو اپنے ملک میں رہنے کا پورا حق ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا اسرائیل اور عالمی برادری کو چاہئے 1967 سے قبل کے فلسطینی ریاست کے حق کو تسلیم کرے، پاکستان غزہ میں انسانی امداد کے حوالے سے اقوام متحدہ و دیگر عالمی اداروں سے رابطے میں ہے تاہم بدقسمتی سے غزہ کا محاصرہ کرلیا گیا، او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں مسئلے کو اجاگر کیا جائیگا۔