عمران خان امریکہ مخالف چورن بیچنے میں ناکام رہے،فضل الرحمن

ملتان (بیورورپورٹ)سربراہ جے یوآئی فضل الرحمن نے کہاہے عمران خان امریکہ مخالف چورن بیچنے میں ناکام رہے،فلسطین کے معاملے پر پاکستان کو مبہم نہیں ہونا چاہیے ،ایک زمانے میں پاکستان نے اسرائیل کے جہاز گرائے تھے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا ابہام کیوں پیدا کئے جارہے ہیں، الیکشن کل کرا دیں تیار ہیں، الیکشن تو ہوں گے،الیکشن جنوری کے آخر میں ہوں گے تو آدھے ملک میں تو برفباری ہورہی ہوگی، طالبان نے نئی نئی حکومت سنبھالی ہے، ہمارے ہاں بڑا تجربہ ہے، اپنے طریقے سے معاملات طے کرنے چاہئیں۔

فضل الرحمن نے کہا اچھا نہیں سمجھتا کسی کیلئے ماحول کچھ ہو اور کسی کیلئے کچھ اور، سب کیلئے الیکشن میں ایک جیسا ماحول ہونا چاہئے، چیئرمین پی ٹی آئی نے غیر ضروری کاغذ اٹھا کر مسئلہ بنایا،ووٹ کو عزت دو کا نعرہ اس وقت تھا جب خطرہ تھا، جب دشمن کے ہاتھ بندھے ہوں اور میرے ہاتھ کھلے ہوئے ہوں تو لڑائی کا مزا نہیں آتا، 9 مئی کوپورے ملک میں منظم حملے کئے گئے، لیڈرشپ ذمہ دار ہے۔

سربراہ جے یوآئی نے کہاگزشتہ حکومت نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ترغیب دلائی، معیشت کی بہتری کا خواب اسرائیل کو تسلیم کرنے میں دیکھتے رہے،75 سال سے اسرائیل نے فلسطین کی زمین قبضہ جمایا ہوا ہے، امریکہ و مغربی قوتیں پشت پر رہی ہیں،تمام امت مسلمہ کو فلسطین کےساتھ کھڑا ہونا چاہیے، اسلامی دنیا ایک جسم بن کر اپنا واضح موقف پیش کرے۔