اسلام آباد(بیورورپورٹ) الیکشن کمیشن کابڑا فیصلہ، بلوچستان کے 4سیکرٹریز کو ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے حکم نامہ چیف سیکرٹری بلوچستان کو بھجوا دیا،مراسلے میں کہا گیا ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈیویلپمنٹ، سیکرٹری سروسز ایس اینڈ جی، سیکرٹری خزانہ بلوچستان اور ہوم سیکرٹری بلوچستان کو ہٹایا جائے۔
الیکشن کمیشن نے نگراں بلوچستان حکومت سے 3 روز میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا صاف شفاف منصفانہ انتخابات کےلئے ردوبدل کیا جائے۔
علاوہ ازیںالیکشن کمیشن نے سندھ کے سابق وزرا سے سکیورٹی و مراعات واپس لینے کاحکم دےدیا،چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا سابق وفاقی و صوبائی وزرا سے سکیورٹی و مراعات واپس لی جائیں۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مراسلے میں مزید لکھا سابق وزرا اور سیاسی بنیادوں پر تعینات کی گئی شخصیات سے سکیورٹی پروٹوکول واپس لیا جائے، سندھ کابینہ کے سابق اراکین تاحال سکیورٹی و دیگر مراعات کا استعمال کر رہے ہیں،کابینہ کے سابق اراکین کا مراعات لینا الیکشن کمیشن گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی ہے۔
بلوچستان کے 4 سیکرٹریز فارغ،سندھ کے سابق وزرا سے مراعات واپس لی جائیں،الیکشن کمیشن
















