آبادی کا فرق پارلیمنٹ سے منظور مساوی رائے دہی اصول کےخلاف ہے،فافن

اسلام آباد (بیورورپورٹ)آبادی کا فرق پارلیمنٹ سے منظور مساوی رائے دہی اصول کےخلاف ہے،فافن نے جائزہ رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق 180 حلقوں میں آبادی کا فرق 10 فیصد عمومی اجازت سے تجاوز ہے، اسمبلیوں کے 20 فیصد سے زائد حلقوں کی آبادی میں کمی بیشی کی شرح 10 فیصد کی قانونی حد سے زیادہ ہے، فرق پارلیمنٹ سے منظور مساوی رائے دہی کے اصول کے بھی خلاف ہے۔

فافن نے کہاالیکشن کمیشن مجوزہ حلقہ بندیوں پر مقامی سطح پر اعتراضات وصول کرے، الیکشن کمیشن ادارہ شماریات کو آبادی کے تفصیلی اعداد و شمار جاری کرنے کی ہدایت کرے،رپورٹ میں کہا گیا حلقہ بندیوں کی ابتدائی رپورٹ و حلقوں کی فہرستوں میں آبادی کا فرق پارلیمان کی منظور ترمیم کے تحت نہیں کیا گیا، صرف قومی اسمبلی کے 11 اور ایک صوبائی اسمبلی کے حلقے میں حالیہ ترمیم کا اطلاق کرتے ہوئے بین الاضلاعی حلقے بنائے گئے ،11 قومی اسمبلی کے حلقوں میں سے 6 خیبر پختونخوا ، 3 پنجاب اور 2 سندھ میں ہیں، صوبائی اسمبلی کا ایک حلقہ ایک سے زائد اضلاع کے علاقوں پر مشتمل ہے، 10فیصد سے زائد آبادی کے فرق والے حلقوں کی تعداد 2022 کی حلقہ بندیوں سے بھی بڑھ گئی ، الیکشن قواعد کو حالیہ ترمیم کے مطابق اپ ڈیٹ نہ کرنے کے باعث آبادی کی عدم مساوات سامنے آئی۔

رپورٹ میں کہا گیاایک پوری اسمبلی کے کسی بھی 2 حلقوں کے درمیان آبادی کا فرق ہر ممکن حد تک 10فیصد سے کم ہونا چاہیے، قومی اسمبلی کے سب سے بڑے حلقے این اے 39 بنوں کی آبادی 13 لاکھ 57 ہزار 890 ہے جبکہ سب سے چھوٹے حلقہ این اے ون چترال کی آبادی 5 لاکھ 15 ہزار 935 ہے،الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں پر اعتراضات دائر کرنے کے عمل کو آسان بنائے۔