کندھ کوٹ، گھر میں راکٹ کا گولہ پھٹنے سے 5 بچوں سمیت 9افراد جاں بحق

کندھ کوٹ،کراچی(مشرق نیوز) گھرمیں راکٹ کا گولہ پھٹنے سے 5بچوں،خاتون سمیت9افراد جاں بحق،3زخمی ہوگئے۔

افسوسناک واقعہ گھوڑا گھٹ تھانے کی حدود علی نواز سبزوئی میں پیش آیا،ابتدائی رپورٹ کے مطابق راکٹ کا گولہ بچوں کو زمین سے ملا اورگھر لے آئے،لاشوں وزخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،پولیس نے تحقیقات شروع کردیں۔

دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ، وزیراعلیٰ سندھ نے پوچھا راکٹ لانچر کا گولہ زنگی سبزوئی گوٹھ میں کیسے پہنچا؟ کیا کوئی اسلحہ کی کھیپ کچے میں سمگل ہو رہی تھی؟، کیا گوٹھ میں ڈکیتوں کے سہولت کار موجود ہیں؟ راکٹ لانچر کیسے بلاسٹ ہوئے جس سے اتنا جانی نقصان ہوگیا؟، معاملے کی تفصیلی رپورٹ دی جائے۔

دریں اثنا پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا،بلاول بھٹو نے کہاسندھ ،پنجاب میں کچے کے علاقوں کو اسلحہ سے پاک و جرائم کی آماجگاہ بننے سے روکنا ہوگا۔