تاریخ لینے کا رجحان اب نہیں چلے گا،التواءکاتصور ذہن سے نکال دیں،چیف جسٹس

اسلام آباد(بیورورپورٹ)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے ہیںسپریم کورٹ سے تاریخ لینے کا رجحان اب نہیں چلے گا،التواءکاتصور ذہن سے نکال دیں۔

سپریم کورٹ میںزمین تنازع کیس پرسماعت ہوئی، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ذہن سے تصور ہی نکال دیں سپریم کورٹ میں جاکر تاریخ لے لیں گے،سب کےلئے پیغام ہے تاریخ لینے والا رجحان اب نہیں چلے گا، سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد کافی زیادہ ہے،ایک تاریخ پر نوٹس اور اگلی پر دلائل ہوجانے چاہئیں۔

چیف جسٹس نے کہادیگر عدالتوں میں ہوتا ہے کسی دستاویز کو پیش کرنے کےلئے تاریخ مل جاتی ہے، سپریم کورٹ میں کوئی کیس آتا ہے تو سارے کاغذ پورے ہونے چاہئیں،سپریم کورٹ آخری عدالت ہے جہاں تمام مقدمات کے فیصلوں کا ریکارڈ پہلے سے ہوتا ہے۔

جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے وکیل کی سرزنش کرتے ہوئے زمین تنازع کیس میں تاریخ دینے کی استدعا مسترد کردی،آہستہ اور اردو انگریزی ملا کر بولنے پر بھی وکیل کی سرزنش کی گئی،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا وکیل کی آواز نہ آئے تو وکالت چھوڑ دینی چاہیے، اونچی آواز میں دلائل دیں۔