لاہور (خبر نگار) لاہور سمیت متعدد شہروں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ،مختلف علاقوں میں پانی گھروں ، سروسز ہسپتال لاہور کی ایمرجنسی اور ڈاکٹروں کے کمروں میں داخل ہونے سے سارا نظام درہم برہم ہوگیا۔
مریضوں ،تیمارداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا،بجلی کاترسیلی نظام بیٹھنے سے کئی علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہے،تار ٹوٹ کر بارش کے پانی میں گرنے سے 16 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔
بارش کے بعد ضلعی انتظامیہ و واسا کی ٹیمیں پانی نکالنے کیلئے متحرک رہیں۔
دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے چین سے ہدایات دیں پانی کے نکاس کو یقینی بنایا جائے تا کہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے،تمام مرکزی سڑکوں و نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کےلئے سپیشل ٹیمیں تعینات کی جائیں۔
متعدد شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب،نوجوان جاں بحق


















