کالعدم ٹی ٹی پی تلخیاں پیدا کر رہی ہے، افغانستان کارروائی کرے،وزیر خارجہ

نیویارک (خواجہ فاروق)نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے افغانستان کی عبوری حکومت پر زور دیا ہے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کےخلاف ٹھوس عملی اقدامات کیے جائیں جو دونوں ممالک کے درمیان تلخیاں پیدا کر رہی ہے،افغانستان سے پاکستان میں ہونےوالے کالعدم ٹی ٹی پی کے حملے بڑی تشویش کا باعث ہیں، افغان حکام پاکستان و دوسرے ممالک سے کئے گئے وعدے پورے کریں۔

وزیر خارجہ نے کہاروس یوکرین جنگ مذاکرات کے ذریعے ختم ہونی چاہیے، بحران پر پاکستان کی پوزیشن واضح ہے،معیشت عوام کی خوشحالی و مستحکم سیاسی ماحول سمیت ہر چیز سے منسلک ہے،ایندھن کی بڑھتی قیمتوں نے ملک کے اندر مہنگائی کا دباو پیدا کیا،کوئی بھی حکومت کچھ نہیں کر سکتی، رواںماہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات و دیگر ممالک سے خلیجی ممالک کے نمائندے پاکستان کا دورہ کریں گے،کئی ایم او یوز پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے، کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدر آمد ہونا چاہیے۔

ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ سے بات کرتے ہوئے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا بدقسمتی ہے افغانستان سے پاکستان کے اندر حملے ہوتے رہے ہیں،افغان سرزمین کو دوسرے ممالک کےخلاف استعمال ہونے سے روکنے کےلئے پرعزم ہیں۔

وزیر خارجہ نے واضح کیابنیادی ہدف شفاف و غیرجانبدارانہ انتخابات ہے،معاشی مضبوطی سیاسی استحکام سے مشروط ہے، ایس آئی سی ایف کے تحت 5 بڑے شعبوں میں سرمایہ کاری کے اہداف مقرر کردئیے، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کےلئے خلیجی ممالک سے معاہدے ہوں گے۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا خلیجی ممالک پاکستان میں بڑے شراکت دار ہیں، خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے تحت سرمایہ کاروں کو سہولتیں دی جارہی ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں،خصوصی سرمایہ کاری کونسل کا بڑا ہدف عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہاچین پاکستان کا بہترین و قابل اعتماد دوست ہے، چین نے سی پیک کے تحت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی،چین ،پاکستان سی پیک کی دسویں سالگرہ منا رہے ہیں، سی پیک کے اگلے مرحلے میں زراعت و ریلوے پر توجہ دی جا رہی ہے، پاکستان نے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں،عالمی منڈی میںتیل مہنگا ہونے سے پٹرول کی قیمتیں بڑھیں۔

دریں اثنا وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر مصری ہم منصب سمیح شکری سے ملاقات کی،پاکستانی مشن کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور دونوں دوست ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کےلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔