لاہور،اسلام آباد(کرائم رپورٹر،بیورورپورٹ) سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں عمران خان سمیت تمام ملزموں پربغاوت کی دفعات شامل کردی گئیں،ایس ایس پی انویسٹی گیشن انوش مسعود نے کہا9مئی کے مرکزی کیس سمیت تمام مقدمات میں 120 بی کی دفعات لگادیں۔
پولیس نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی کی جائے وقوعہ پر عدم موجودگی کے باوجود بغاوت پر اکسانے و منصوبہ بندی کے شواہد مل گئے،پراسیکیوشن کی جانب سے چالان پر اعتراضات لگانے کے بعد بغاوت کی دفعات شامل کی گئیں،چالان جمع کرانے سے قبل پراسکیوشن کے تمام اعترضات دور کردیئے گئے اب ایجنسیز کی رپورٹ ملنے پر چالان جمع کرادیا جائے گا۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی اور اہلیہ بشریٰ کےخلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس پر سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد قدرت کی عدالت میں ہوئی،پراسیکیوٹر رضوان عباسی کی جانب سے سماعت بغیر کارروائی ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی گئی اور کہا گیا دائرہ اختیار کی درخواست پر دلائل کیلئے تیاری کرنی ہے،وقت درکار ہے۔
رضوان عباسی نے کہاپی ٹی آئی وکلا کے دائرہ اختیار کی درخواست پر دلائل کے بعد دلائل دیں گے،وکیل صفائی نعیم پنجوتھا نے بھی بشریٰ کی حاضری سے استثنیٰ درخواست دائر کی اور کہا عدالت نے بشریٰ کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست منظور کر رکھی ہے۔
جج قدرت نے ریمارکس دئیے فرد جرم کا معاملہ آیا تو بشریٰ کی حاضری ضروری ہو گی ،وکیل نعیم پنجوتھا نے کہاشیر افضل مروت دائرہ اختیار کی درخواست پر دلائل دیں گے،جج نے کہا دونوں فریقین کے دلائل ایک ہی تاریخ پر ساتھ ساتھ سن لیں گے، آپ اپنے دلائل سے قبل مختلف عدالتوں کے فیصلے بھی جمع کرا دیں۔
نعیم پنجوتھا نے کہا گزارش اتنی ہے آئندہ سماعت کی تاریخ چھوٹی دے دیں، جج قدرت نے کہا پیر تک سماعت ملتوی کر دیتے ہیں، فریقین ایک ساتھ دلائل دے دیں،عدالت نے 25 ستمبر کو فریقین کے وکلا کو دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ کےخلاف غیر شرعی نکاح کیس پر سماعت ملتوی کر دی اور چیئرمین پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
سانحہ 9مئی،عمران خان سمیت تمام ملزموں پر بغاوت کی دفعات عائد



















