آڈیو لیکس،حکومت جواب دے ورنہ حساس اداروں کو فریق بنائینگے،ہائیکورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزارت دفاع نے کہاہے آڈیو ریکارڈنگ میں کوئی کردار ہے نہ موجودہ کیس میں کوئی ریکارڈنگ کی گئی ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ ، پی ٹی اے کے تحریری جواب غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے دوبارہ تفصیلی جواب مانگ لیا۔

جسٹس بابر ستار نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ کی آڈیو لیکس کیخلاف اورسابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم الثاقب کی آڈیو لیک کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی میں طلبی کےخلاف درخواست پر سماعت کی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوئے، وزارت داخلہ ،پی ٹی اے نے تحریری جواب جمع کرائے جنہیں عدالت نے غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے دوبارہ تفصیلی جواب طلب کرلیا۔

نمائندہ وزارت دفاع نے کہا آڈیو ریکارڈنگ میں کوئی کردار ہے نہ موجودہ کیس میں ریکارڈنگ کی ۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دئیے جواب سے لگتا ہے کوئی بھی ٹیلی فونک گفتگو کی ریکارڈنگ نہیں کر سکتا اور کسی کے پاس گفتگو ریکارڈ کرنے کی سہولت ہی نہیں، تحریری جوابات میں عدالتی سوالات کا جواب بھی نہیں دیا گیا،عدالت تحمل کا مظاہر کرتے ہوئے آخری موقع دے رہی ہے، حکومت جواب دے ورنہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو براہ راست فریق بنائیں گے، 2 ہی صورتیں ہیں حکومت جواب دے یا ایجنسیز کو فریق بنائیں۔

لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہا بشریٰ عمران کو ایف آئی اے روز بلا کر کہتا ہے وائس ریکارڈ کرائیں تاکہ وائس میچنگ کرا سکیں، ایف آئی اے کبھی وائس میچنگ کیلئے بلا رہا ہے کبھی کسی اور وجہ سے، بشریٰ کو بار بار طلب کر کے ہراساں کیا جا رہا ہے، ایسا کرنے سے روکا جائے۔

جسٹس بابر ستار نے کہا میں انویسٹی گیشن ایجنسی کو انویسٹی گیشن سے نہیں روک سکتا، قانون کی کوئی خلاف ورزی ہو تو آپ چیلنج کر سکتے ہیں، آپ آرڈر چاہ رہے ہیں ایف آئی اے قانون کے مطابق کام کرے یہ تو بے معنی آرڈر ہو گا کیونکہ ایف آئی اے نے قانون کے مطابق ہی کام کرنا ہے،آپ کہتے ہیں تو میں آرڈر لکھوا دیتا ہوں ایف آئی اے قانون کے مطابق کام کرے۔

عدالت نے سابق چیف جسٹس کے بیٹے کو پارلیمانی کمیٹی میں طلبی کے سمن کی معطلی کے آرڈر میں ایک ماہ کی توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔