اسلام آباد، پشاور(بیورورپورٹ)سوات میں آپریشن،سکیورٹی فورسز نے خواتین کو کوڑے مارنے والے سابق ٹی ٹی پی کمانڈر کو جہنم واصل کردیا۔
پاک فوج ،سی ٹی ڈی نے سوات کے علاقے فضاگٹ میں 7 ستمبر کو خفیہ اطلاعات پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سابق تحریک طالبان سوات کا کمانڈر نیک عرف نیکو عرف عمر ہلاک ہوگیا۔
ہلاک دہشتگرد کمانڈر سابق تحریک طالبان سوات کے سربراہ ملا فضل کا قریبی ساتھی ،عسکریت پسندی کے ابتدائی دنوں میں کالعدم تحریک طالبان سوات کی کوڑے مارنے والی ٹیم کا رہنما تھا،دہشتگرد کمانڈر عسکریت پسندی کے عروج کے دور میں سکیورٹی فورسز کےخلاف درجنوں دہشتگرد سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا۔
سوات میں ”آپریشن راہ راست“ کے بعد دہشتگرد کمانڈر نیک اپنے خاندان کےساتھ افغانستان فرار ہوگیا،موجودہ سال کے اوائل میں چھپ کر واپس سوات پہنچا اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ وصولی شروع کر دی۔
جون 2023 میں دہشتگرد کمانڈر نے اپنے دیگر دہشتگرد ساتھیوں کے ہمراہ مینگورہ سبزی منڈی کے قریب 2 پولیس کانسٹیبلز کو بے دردی سے نشانہ بنایا جبکہ سوات میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کےلئے خودکش حملہ اور آئی ای ڈی کے ذریعے ڈی پی او سوات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بھی بنایا۔
سوات میں آپریشن،خواتین کو کوڑے مارنےوالا سابق ٹی ٹی پی کمانڈر جہنم واصل



















