کوئی ووٹ کو عزت دو کے نظرئیے سے بھاگا ہے تو ہمارا کیا قصور؟،پیپلز پارٹی

لاہور(نمائندہ خصوصی )پیپلز پارٹی نے کہاہے لیول پلینگ فیلڈدی جائے، کوئی ووٹ کو عزت دو کے نظرئیے سے بھاگا ہے تو ہمارا کیا قصور؟،نیب کو سیاسی مقاصد و سیاسی جماعتوں کو توڑنے کےلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے،سندھ میں ہر سیاسی جماعت کو خوش آمدید کہتے ہیں،ہم بھی پنجاب میں الیکشن اتحاد بنائےں گے پھر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی نے پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ،ندیم افضل چن ،نیلم جبار،نایاب جان و فائزہ ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاسی ای سی میں آصف زرداری کو دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دیا گیا،چیئرمین بلاول بھٹو آئندہ چند روز لاہور میں قیام کریں گے،پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھے گا۔

سابق وزیر مملکت نے کہاسپریم کورٹ کا فیصلہ 2-1سے آیا،قوم عدلیہ سے انصاف کی امید رکھتی ہے،سپریم کورٹ عدل و انصاف کرے،پیپلز پارٹی کا پہلے سے موقف ہے نیب کو سیاسی جماعتوں کو توڑنے کےلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں فیصل کریم کنڈی نے کہاکچھ چیزیں اتحادیوں کی طرف سے آرہی ہیں ، چند روز پہلے اتحاد ختم ہوا ،اتنی جلدی نہیں کرنی چاہیے ورنہ بات نکلی تو دور تلک جائے گی،کچھ سیاسی جماعتوں کو بیساکھیوں کی ضرورت ہوتی ہے ،پیپلز پارٹی کوبیساکھیوں کی ضرورت نہیں ،الیکشن کمیشن تاریخ دینے میں کیوں تاخیر کررہا ہے،ایک مرتبہ تاریخ تو دیں پھر قانون و آئین پر بحث کریں گے،ایک جماعت الیکشن کی تاریخ دے رہی ہے،30نومبر تک انتظار کریں گے یہ نہ ہولوگ سپریم کورٹ چلے جائیں،ملک کومعاشی و سیاسی عدم استحکام کا سامنا ہے ،پاکستان ایٹمی ملک ہے،ایڈہاک پر نہیں چلا سکتے،الیکشن کرائیں عوام جس کو حق دےں وہ حکمرانی کرے۔

ندیم افضل چن نے کہا سیف الرحمن والا احتساب منظور ہے نہ جاوید اقبال والا،جسٹس منیر و افتخار چودھری کی باقیات نہیں چاہتے اگر کوئی ووٹ کو عزت دو کے نظرئیے سے بھاگا ہے تو ہمارا کیا قصور ہے،لیول پلینگ فیلڈ کا مطالبہ ہے ،تمام سیاسی جماعتوں کو ایک جیسا ماحول میسر ہونا چاہیے۔