محسن نقوی کافاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ ،گنگا رام کادورہ،پیسے لینے والے گارڈز ،آیا معطل

لاہور( ہیلتھ رپورٹر)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈاور گنگا رام ہسپتال کا اڑھائی گھنٹے طویل دورہ کیا،مریضوں ،تیمارداروں کی شکایات اور نئی عمارت میں نقائص دیکھ کر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے ایم ایس ہسپتال،پراجیکٹ ڈائریکٹر ،ایکسین کی سرزنش کی اورتینوں کو سخت وارننگ دی۔

وزیراعلیٰ نے فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈکی ایمرجنسی،وارڈز سمیت 8فلور اور2بیسمنٹ کا معائنہ کیا،ایک ایک فلور پر گئے ، فنشنگ کے کاموں کاجائزہ لیا، فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈ کے ویٹنگ روم میں کرسیاں تھیں نہ بنچ،مریض خواتین زمین پر چادر بچھا کر بیٹھی تھیں۔

محسن نقوی نے ایم ایس کو مخاطب کرتے ہوئے کہامریض خواتین کےلئے ایمرجنسی 6ماہ سے آپریشنل ہے تو ویٹنگ روم میں کرسیاں نہ لگنے کاکوئی جواز نہیں، مریضوں کے تیماردار نومولود بچے دیکھنے کےلئے بھی زچہ و بچہ وارڈ کے باہر گارڈز،آیاکو پیسے دینے پر مجبور تھے،تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگا دئیے،مریضوں سے پیسے لینے والے گارڈز ،آیا کو معطل کر دیاگیا اور وصول شدہ پیسے تیمارداروں کو واپس کئے گئے،انسٹیٹیوٹ کے کئی فلور کے خالی کمروں میں اے سی چل رہے تھے جبکہ ایمرجنسی کے بعض حصوں میں خواتین مریضوں کےلئے اے سی بند تھے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بجلی بلوں کا ریکارڈ طلب کر لیا،نئی عمارت کی دیواروں ،چھتوں میں پانی کی لیکج ،فرشوں پر بھی پانی موجود تھا،بعض مریضوں کے تیمارداروں نے بلڈ بنک سے مطلوبہ خون نہ ملنے کی شکایات کیں۔

محسن نقوی نے گیس پلانٹ، چھت اور بیسمنٹ میں پارکنگ ایریا کا بھی وزٹ کیا،گنگارام ہسپتال گئے ،مختلف وارڈز کا دورہ کیا اورمریضوں کی خیریت دریافت کی ،مفت ادویات کی فراہمی و ٹیسٹ کی سہولت کا پوچھا،ہسپتال کے کئی وارڈز میں اے سی تھا اور نہ ہی پنکھے چل رہے تھے۔

وزیراعلیٰ نے ساندہ کی رہائشی خاتون کی درخواست پر زیر علاج بہن کو فوری طورپر آئی سی یو میں شفٹ ،منڈی فیض آباد کے رہائشی خاندان کی بچی ثنا کا علاج بہترین پروفیسر سے کرانے کی ہدایت کردی،گنگارام ہسپتال کے بعض اہم شعبوں کو فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ میں شفٹ کرنے کا پلان طلب کرلیا،محسن نقوی نے کہافاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ اورگنگارام ہسپتال کوبھی بہتر بنایا جائے گا، آئندہ مجھے مریضوں ،تیمارداروں سے پیسے لینے کی شکایت ملی تو ہسپتال انتظامیہ کےخلاف کارروائی ہوگی۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کالج آف نرسنگ جناح ہسپتال میں نرسنگ سٹوڈنٹس کی تعداد دوگنا کرنے کے پروگرام کا آغاز کردیا۔

محسن نقوی نے نرسنگ سٹوڈنٹس کی تعدادمزید بڑھانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہانرسنگ سٹوڈنٹس کے داخلے کاایک برس ضائع ہوا ،اجلاس کرکے فیصلہ کیا نرسنگ سٹوڈنٹس کی تعداد بڑھائی جائے گی کیونکہ اندرون ملک کے ساتھ بیرون ملک نرسو ں کی بہت ڈیمانڈ ہے، پہلے پالیسی تھی نرسوں کوباہر نہیں جانے دینا،2900 مزیدنرسوں کی تربیت کےلئے پروگرام شروع کیااوربیرون ملک جانے پر این او سی 3روز میں جاری کرنے کی پالیسی بنائی ،اب تک تقریباً 800 نرسو ں کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی ۔

وزیراعلیٰ نے کہانرسوں کو بیرون ملک جاب ملتی ہے تو حکومت پورا سپورٹ کرے گی، چھٹی سمیت تمام این او سی کاعمل 3رو ز میں مکمل ہوگا،نرسز باہر جائیں اور عزت سے کمائیں اور ملک کانام روشن کریں، مظفر گڑھ میں رجب طیب اردگان ہسپتال کےساتھ نرسنگ سکول بنایا جائے گا۔