پاکستان کو فلاحی مملکت بنانا، نسلی تفریق مٹا کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا :ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے بانی پاکستان قائداعظم کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ نے اپنی ولولہ انگیز قیادت کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک آزاد وطن کی تڑپ پیدا کی۔قائداعظم ؒ نے دو قومی نظریہ پیش کرکے مسلمانوں کیلئے الگ وطن کی بنیاد رکھی۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ قائد کے تصور کے مطابق ہمیں پاکستان کو فلاحی مملکت بنانا ہوگا اور نسلی تفریق مٹا کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ موجودہ حالات سے نمٹنے، پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کیلئے قائد کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔پاکستان کی مستحکم اور مضبوط معیشت ہی اس کی ترقی کی بنیاد ہے۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ قائداعظم کے سنہری اصولوں نے مسلمانوں کو الگ وطن دلوایا۔ اس ملک کو قائد اعظم کا حقیقی معنوں میں پاکستان بنانے کیلئے ہمیں محنت کرنی ہو گی۔