سٹیج ڈراموں میں فحاشی و عریانی کا خاتمہ،پنجاب حکومت کا آپریشن کلین اپ اگلے مرحلے میں داخل

لاہور( شوبز رپورٹر) سٹیج ڈراموں میں فحاشی و عریانی کے خاتمے کیلئے پنجاب حکومت کا آپریشن کلین اپ اگلے مرحلے میں داخل ہوگیا۔بتایا گیا ہے کہ بیدیاں روڈ لاہور پر واقع شالیمار تھیٹر کو دوبارہ سیل کر دیا گیا،شالیمار تھیٹر میں پابندی کے باوجود مجرے والے اسٹیج ڈرامے کی نمائش جاری تھی۔اسسٹنٹ کمشنر لاہور کینٹ نے فوری کاروائی کے بعد تھیٹر سیل کر دیا۔نگران وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے کہا کہ پنجاب بھر کے تمام تھیٹر مالکان کو وارننگ لیٹر زجاری کر دئیے گئے ہیں۔ پنجاب کونسل آف آرٹس کی جانب سے سٹیج ڈراموں کے سکرپٹس کی منسوخی کے بعد ڈراموں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے،ڈرامیٹک ایکٹ 1876 میں ترامیم کی منظوری تک کسی تھیٹر میں کوئی ڈرامہ نہیں دکھایا جائےگا، تھیٹرز میں ڈراموں کی نمائش کیلئے پہلے سکرپٹ کی منظوری لازمی شرط ہوگی، ڈرامے کی نمائش سے قبل اس کی فل ڈریس ریہرسل کروائی جائیگی، ریہرسل پرفارمنس کا معائنہ خود حکومتی نمائندگان کریں گے۔ عامر میر نے کہا کہ سکرپٹ، پرفارمنس اور تھیٹر میں ہوم ڈیپارٹمنٹ کے جاریکردہ ایس او پیز کی پابندی کو یقینی بنایا جائیگا،کسی سٹیج ڈرامے میں مجرے اور ڈانس کی اجازت نہیں ہوگی، ڈرامہ ایکٹ میں ترامیم کا عمل 10 دن میں مکمل ہوجائےگا۔