15 مئی کو حکومتی مدد سے پاور شو عدلیہ کی آزادی پر براہ راست حملہ تھا،سپریم کورٹ
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ نے 3 ججوں پر پی ڈی ایم حکومت کا اعتراض مسترد کرتے ہوئے کہا ہے آڈیو لیکس کمیشن پر اعتراض اور 15 مئی کو حکومتی مدد سے پاور شو عدلیہ کی آزادی پر براہ راست حملہ تھا، حکومتی درخواست بنچ کو ہراساں کرنے کےلئے دائر کی گئی، اعتراض کا مقصد چیف جسٹس کو بنچ سے الگ کرنا تھا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا سپریم کورٹ کے 3 ججوں پر اٹھائے گئے اعتراضات عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہے، متفرق درخواست مسترد کی جاتی ہے۔ 32 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ چیف جسٹس نے تحریر کیا جس میں کہا گیا 3 ججوں پر اٹھائے گئے اعتراضات کی قانون کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں، بنچ پر اعتراض کی درخواست اچھی نیت کی بجائے رکن پر ہراساں کرنے کےلئے دائر کی گئی، عدالت نے نوٹ کیا وفاقی حکومت نے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرکے تاخیر کی۔
فیصلے میں کہا گیا وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف چالوں و حربوں سے عدالتی فیصلوں میں تاخیر و بے توقیری کی گئی، عدالت کی بے توقیری کا سلسلہ یکم مارچ 2023 سے شروع کیا گیا جب کہا گیا 4-3 کی اکثریت سے سپیکر کی درخواست مسترد کی، وفاقی حکومت 4 اپریل کے فیصلے کو چیلنج کرنے کی بجائے الیکشن کمیشن کی نظرثانی اپیل کے پیچھے چھپ گئی، مقصد اپنی بے عملی کو جواز دینا تھا، پھر پارلیمنٹ نے سپریم کورٹ ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز قانون منظور کیا، ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز قانون کو سپریم کورٹ غیرآئینی قرار دے چکی۔
سپریم کورٹ نے کہا متعدد آئینی مقدمات سے ججوں کو الگ کرنے کےلئے درخواستیں دائر کی گئیں، آڈیو لیکس کمیشن میں بھی ایسی ہی مفادات کا ٹکراو و تعصب جیسی بے سروپا بنیادوں پر درخواست دائر کی، آڈیو لیکس کیس کیخلاف اعتراض کی درخواست دائر کرنے کا مقصد چیف جسٹس کو بنچ سے الگ کرنا تھا، وفاقی وزرا نے مختلف مقدمات سننے والے ججوں کےخلاف بیان بازی کی۔
عدالت عظمیٰ کے فیصلے میں مزید کہا گیا وفاقی وزرا نے صوبائی اسمبلیوں میں انتخابات کےخلاف کیس میں عوامی فورمز پر اشتعال انگیز بیانات دئیے، وزرا کا اشتعال انگیز بیانات کا مقصد وفاقی حکومت کے ایجنڈے کو تقویت دینا تھا، سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کے مقدمات کو انتہائی تحمل و صبر سے برداشت کیا، کسی عدالتی فیصلے پر حتمی عدالتی فیصلے کی پابندی لازم ہے، فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے پر آئین میں نتائج دئیے گئے ہیں۔
سپریم کورٹ نے کہا وفاقی حکومت کے فیصلوں پر عملدرآمد میں عدم تعاون پر تحمل کیا، عدالتی فیصلے نہ ماننے پر وفاقی حکومت کیخلاف کوئی تادیبی کارروائی نہیں کی، آڈیو لیکس منظر عام پر آنے کے بعد وفاقی حکومت و اتحادی جماعتوں کی جانب سے عدالتی فیصلوں و کارروائی پر دھمکیاں دی گئیں، کچھ ججوں پر زبانی حملے بھی کئے گئے، ججوں پر حملے کی ایک مثال 15 مئی کو سامنے آئی جب عدالت الیکشن کمیشن کی 4 اپریل کے فیصلے کےخلاف نظرثانی اپیل پر سماعت کررہی تھی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا 4 اپریل کو سپریم کورٹ نے پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا، 15 مئی کو حکومتی اتحادی جماعتوں نے سپریم کورٹ کے باہر جارحانہ مظاہرہ کیا، جارحانہ مظاہرے میں چیف جسٹس کو سنگین نوعیت کی دھمکیاں دی گئیں، دھمکیاں دینے کا مقصد عدلیہ پر دباو¿ ڈالنا تھا۔
عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا افسوسناک بات ہے ریڈ زون علاقے میں احتجاج پر پابندی عائد تھی، وفاقی حکومت نے جلسے کے انعقاد، مظاہرین کو ریڈ زون میں داخل ہونے کےلئے سہولت فراہم کی، سپریم کورٹ کے باہر احتجاجی مظاہرے کا مقصد عدلیہ پر دباو ڈالنا تھا، وفاقی حکومت کی مدد سے پاور شو عدلیہ کی آزادی پر براہ راست حملہ تھا، آرٹیکل 19 کے تحت عوام کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے، اظہار رائے کی آزادی کا حق معقول انداز سے استعمال ہونا چاہئے۔
فیصلے کے اہم نکات کے مطابق الیکشن ازخود نوٹس کیس کے 9 رکنی بنچ کے 2 ججز نے 23 فروری کو سپیکرز کی درخواستیں مسترد کیں، کیس کے میرٹ پر دلائل سے پہلے 2 ججوں نے سپیکرز کی درخواستوں کو مسترد کیا، حکومتی اتحادیوں نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس مظاہر نقوی پر اعتراضات کئے، اتحادی جماعتیں سپریم کورٹ کے فیصلے کو بھول گئیں، فیصلے کے مطابق چیف جسٹس بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر ازخود نوٹس کارروائی جاری رکھ سکتا ہے۔
وفاقی حکومت کا بظاہر مقصد الیکشن ازخود نوٹس کارروائی کو التوا میں ڈالنا تھا۔ 23 اور 24 فروری کی 2 عدالتی کارروائیوں کے بعد 9 رکنی بنچ 27 فروری کو چیمبر میں اکٹھا ہوا اور عدالتی کارروائی پرسکون طریقے سے چلانے پر مشاورت ہوئی، بالآخر فیصلہ ہوا چیف جسٹس دوبارہ بنچ تشکیل دیں، مشاورت کی روشنی میں چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ تشکیل دیا گیا، وفاقی حکومت نے 5 رکنی بنچ کی دوبارہ تشکیل پر کوئی اعتراض نہیں کیا، یکم مارچ کو 5 رکنی بنچ نے 3-2 کی اکثریت سے مختصر فیصلہ سنایا، 3 ججوں نے فیصلہ دیا کے پی اور پنجاب اسمبلی سپیکرز کی درخواستیں قابل سماعت ہیں، آئین کے تحت دونوں صوبائی اسمبلیوں میں 90 دن میں انتخابات کرانے کا اکثریتی فیصلہ دیا گیا، 2 ججوں نے سپیکرز کی درخواستیں نا قابل سماعت قرار دیکر مسترد کردیں، اکثریتی فیصلے سے حکومت ناراض ہوگئی اور فیصلہ مسترد کردیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا وفاقی حکومت نے کہنا شروع کردیا درخواستیں 4-3 سے مسترد ہوگئیں، 4-3 کے فیصلے کے بیانیے پر یکم مارچ کے عدالتی حکم پر عملدرآمد سے انکار کردیا گیا۔
دوسری جانب سپریم کورٹ نے اقلیتوں کے حقوق کیس میں تمام آئی جیز سے ٹارگٹ کلنگ اور پنجاب حکومت سے جڑانوالہ واقعہ کے بعد اٹھائے گئے اقدامات کی رپورٹ طلب کر لی۔
دوران سماعت جسٹس اعجازالاحسن نے کہا آپکی درخواست میں معاملہ سکھوں کی ٹارگٹ کلنگ کا اٹھایا گیا، دوسرا ایشو آپ نے اٹھایا گوردواروں کی تزئین وآرائش اور مرمت نہیں ہورہی۔
سردار بشنا سنگھ نے کہا ہمارے کچھ لوگ 1947 میں اپنا وطن چھوڑ کر بھارت گئے، پاکستان میں رہے، مذہب کا آغاز بھی یہاں سے ہوا، قبضہ گروپ مندر، مسجد، گورد وارہ کچھ نہیں دیکھتا۔ سردار بشنا سنگھ نے لاہور سمیت ملک بھر میں گوردواروں کی ٹوٹ پھوٹ کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش کیں۔ سپریم کورٹ نے سکھ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کو افسوسناک قرار دیا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ٹارگٹ کلنگ کے باعث سکھ برادری کو مختلف مقامات پر منتقل ہونا پڑ رہا ہے، سکھ برادری کے لوگ پاکستان چھوڑ کر جانے پر مجبور ہوگئے، ریاست کو سکھ برادری کی حفاظت یقینی بنانے کےلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
سپریم کورٹ نے آئی جی خیبرپختونخوا سمیت تمام آئی جیز سے حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور اٹارنی جنرل، تمام ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی نوٹس جاری کردئیے۔ سپریم کورٹ نے جڑانوالہ واقعہ پر جے آئی ٹی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ابتدائی رپورٹ درخواست گزار کو دینے کی ہدایت کردی اور محکمہ داخلہ پنجاب سے واقعہ کے بعد اقدامات پر رپورٹ طلب کرلی اور کیس کی سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔


















