اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاکستان نے برکس کا حصہ بننے کےلئے کوششوں کا آغاز کر دیا جبکہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے دنیا میں بدلتی سیاسی صورتحال پر پاکستان کا موقف واضح ہے، کسی سیاسی بلاک کا حصہ نہیں ،امریکہ ،چین کےساتھ یکساں تعلقات چاہتے ہیں۔
قائمہ کمیٹی سینٹ کو برکس میں مکمل رکنیت حاصل کرنے کےلئے پاکستانی کوششوں پر بریفنگ دیتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہاامریکہ نہایت اہمیت کا حامل ہے، روس و یوکرائن جنگ سے پوری دنیا معاشی اثرات کی لپیٹ میں ہے،برکس کی توسیع اراکین کے اتفاق رائے پر منحصر ہے، پاکستان بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے کی تشکیل نو و ڈالر پر انحصار کم کرنے کے اپنے اہداف کی وجہ سے گروپ میں شامل ہونے کے امکانات کو فعال طور پر تلاش کر رہا ہے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہابرکس ممبران نے تنظیم کو وسعت دینے یا نہ دینے کاتاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ،چین ،روس و دیگر ممالک کو برکس کی ممبرشپ دینا چاہتے ہیں لیکن ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا، برکس کے دیگر ممبران کے پاس ویٹو پاور ہے اگر کوئی ایک ملک بھی اعتراض کرے تو رکنیت نہیں مل سکتی،بھارت تنظیم کی توسیع کامخالف ہے لیکن اگر اکثریت حمایت کرے تو بھارتی مخالفت ناکام ہو جائے گی۔
کمیٹی چیئرمین کے استفسار پر وزیر خارجہ نے کہا برکس پاکستان کو اہم بین الاقوامی فورم پر نمائندگی دے گا اور رکن ممالک کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو آسان بنائے گا،چترال میں کالعدم ٹی ٹی پی کے حالیہ حملے اور نتیجے میں امن و امان کی صورتحال پرپوچھے گئے سوال پر وزیر خارجہ نے یقین دلایا صورتحال قابو میں ہے، پاکستان افغان عبوری حکومت کےساتھ فعال طور پر مصروف عمل ہے، دہشتگردی پر قابو پانے کےلئے افغان عبوری حکومت کےساتھ رابطے میں ہیں
امریکہ ،چین کےساتھ یکساں تعلقات چاہتے ہیں، وزیر خارجہ


















