جج فیصلوں پرعملدرآمد نہیں کراسکتے تو عدالتوں کو تالہ لگا دیں،وکلاءکنونشن


اسلام آباد(بیورورپورٹ)صدر سپریم کورٹ بار نے کہاہے عدالتی حکم و آئین ، قانون کی دھجیاں اڑا دی گئیں، الیکشن کمشنر پر آرٹیکل6 لگنا چاہیے تھا،جج فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کراسکتے تو عدالتوں کو تالہ لگا دیں۔

عابد زبیری نے وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا سپریم کورٹ بار نے صرف قانون و آئین کی بالادستی کیلئے کام کیا، ملک میں شہدا کا خون شامل ہے ،آئین و قانون کی بالادستی ہوگی،عہدے ملتے ہیں مگر کچھ تاریخ چھوڑجاتے ہیں اور کچھ کے نام کوڑے دان میں چلے جاتے ہیں۔

صدر سپریم کورٹ بارنے کہا90دن میں انتخابات کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی اور فیصلہ ہوا مگر سپریم کورٹ کے فیصلے پر اب تک عملدرآمد نہیں ہوا،جج متحد ہوتے تو ایسا نہیں ہوتا اور یہی ججز کو کہتا رہا ہوں۔

عابد زبیری نے کہا سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے مشکلات کے باوجود ملٹری کورٹس کیخلاف درخواست دائرکی،آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور ملٹری ایکٹ دونوں کو چیلنج کرنے جا رہے ہیں۔

سینئر وکیل اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہاانتخابات نہ کرانا آئین شکنی ہے،الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے حلقہ بندیاں تاخیری حربہ ہے ،نہیں ہونے دیں گے،بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہاکے پی حکومت کے پاس حق حکمرانی نہیں رہا، چیف الیکشن کمشنر بتائیں 8 اکتوبر کو الیکشن کی تاریخ کیسے دی۔

نگراں حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا نگراں حکمراں کس قسم کے اختیار استعمال کر رہے ہیں، آرٹیکل 48 کے مطابق جب صدر اسمبلی تحلیل کرے تو الیکشن کی تاریخ دے،سینئر وکیل نے کہا چیف جسٹس صاحب! آپ کی ریٹائرمنٹ میں دن تھوڑے رہ گئے ، خدارا فوجی عدالتوں کے مقدمے پر فیصلہ کر کے جائیں،نگران حکومت کو آئین اختیار نہیں دیتا وہ کسی بھی طرح کے انتظامی فیصلے کریں، وکلا کنونشن ایمان مزاری ایڈووکیٹ کے نام کریں جو گرفتاریوں کا سامنا کر رہی ہے،شہریار آفریدی کو 13بار گرفتار کیا گیا، کیا قانون اور انصاف ایسا ہے۔

اکرم شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا موجودہ ملکی بحران کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، وکلا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، کنونشن کامیابی کا سنگ میل ہے۔

احمد رضا قصوری نے کہا ملک میں ہر طرف افراتفری کا عالم ہے،سب کو متحد ہوناہوگا۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی اور لیگل ٹیم کے رکن، معروف قانون دان شعیب شاہین نے کہا امریکہ سے سائفر آیا اور وزیر اعظم کو بدل دیا گیا،کسی کو نہیں پتہ الیکشن کب ہوں گے،آئین و قانون کا مذاق اور عدالتوں کی توہین ہو رہی ہے، عدالتیں 10 بار ضمانت دیتی ہیں گرفتار پھر بھی کیا جاتا ہے۔