لندن،اسلام آباد (مشرق نیوز،بیورورپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ایک بار پھر پاکستان کی معاشی حالات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کو اس نہج پر لانے والوں کی شناخت اور محاسبہ ہونا چاہیے ، پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر سابق وزیر اعظم شہباز شریف سے چیف کو آرڈی نیٹر انٹرنیشنل افئیرز مسلم لیگ ن بیرسٹر امجد ملک نے یہاں ملاقات کی جس میں معاشی صورتحال سمیت مختلف امورزیر غور آئے،ملاقات میں صدر انٹرنیشنل افئیرز مسلم لیگ نواز اسحاق ڈار بھی موجود تھے،اس موقع پر مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف نے موجودہ ملکی معاشی حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ملک کو اس نہج پر لانے والوں کی شناخت اور محاسبہ ہونا چاہیے، نواز شریف نے جلد پاکستان آنے کا عندیہ دیا، بیرسٹر امجد ملک نے ملاقات میں آنے والے انتخابات میں پارٹی کے لائحہ عمل کے حوالے سے تجاویز دیں، سائیڈ ملاقات میں صدر مسلم لیگ نواز اسحاق ڈار اور چیف کوآرڈینیٹر مسلم لیگ نواز بیرسٹر امجد ملک نے اوورسیز ونگ کی تشکیل نو کے حوالے سے خصوصی بات چیت کی،تمام شرکاءنے اکٹھے دن گزارا اور کھانا کھایا،ملاقات میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، مراکش میں پاکستان کے سابق سفیر نادر چودھری، سابق ایم پی اے پنجاب ڈاکٹر اشرف چوہان، میڈیا کوآرڈینیٹر راشد ہاشمی، راشد نصراللہ، صدر مسلم لیگ نواز یوکے ،صدر مسلم لیگ نواز ساوتھ افریقہ، سابق کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بھی شریک تھے، ملاقات میں میڈیا کے افراد اور دیگر طبقات زندگی سے تعلق رکھنے والے بھی موجود تھے دوسری جانب سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے شمالی وزیرستان اور خیبر کے اضلاع میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہونےوالے افسر اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے وطن کی حرمت، سلامتی اور دفاع کےلئے قربانیاں دینے والے شہدا اور غازی قوم کے ہیروز ہیں ، اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہادہشت گردوں کےخلاف جام شہادت نوش کرنے والے میجر عزیز، حوالدار منتظر شاہ اور سپاہی محمد عارف کو سلام پیش کرتے ہیں،سابق وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ور کہا وطن کی حرمت، سلامتی اور دفاع کےلئے قربانیاں دینے والے شہدا اور غازی قوم کے ہیروز ہیں،دہشت گردی کے خاتمے کےلئے قوم کے بیٹوں کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، انہوںنے کہاہمارے شہدا کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے قومی عزم کا مظہر ہیں ،اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین ،سابق وزیر اعظم نے کوئٹہ، ہزار گنجی میں پولیس موبائل پر ہینڈ گرنیڈ حملے کی بھی مذمت کی اور پولیس کے جذبے اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا،سابق وزیراعظم نے زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔
ملک کوتباہی کی نہج پر لانے والوں کا محاسبہ ہونا چاہیے:نواز شریف



















