لاہور(اپنے رپورٹر سے)سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز نے کہا ہے مہنگائی 4سال کے پراجیکٹ عمران کی وجہ سے ہوئی ،لاڈلے کی خاطر نوازشریف کو نااہل نہ کیاجاتا تو آج مہنگائی نہیں پاکستان میں خوشحالی ہوتی،قوم سوال پوچھے نوازشریف کو اقتدار سے الگ کرکے قوم کو مہنگائی کی سزا کیوں دی ؟ ،نوازشریف کے ہوتے ہوئے قوم کو مایوس و ناامید ہونے کی ضرورت نہیں، پاکستان سے غربت و مہنگائی کے اندھیرے اسی طرح ختم کریں گے جس طرح لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی،ان خیالات کا اظہار انہوںنے پنجاب ویمن ونگ کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
مریم نواز نے کہا پارٹی کے شعبہ خواتین نے سیاسی وجماعتی تاریخ میں ہمیشہ ناقابل فراموش کردار ادا کیا،ن لیگ نے خواتین و نوجوانوں کو سیاست کا ہراول دستہ بنادیا ، قائد نوازشریف نے ہر دور حکومت میں خواتین و نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دئیے۔
سینئر نائب صدر ن لیگ نے مزید کہامہنگائی، بےروزگاری اور غربت سے عوام کی آنکھوں میں آنسو لانے والے مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ہوگا،عوام کو مہنگائی سے پھر نجات دلائیں گے، مہنگائی سے نکلنے والے قوم کے آنسوﺅں کو خوشحالی کی ہواﺅں سے پونچھیں گے۔
لاڈلے کی خاطر نوازکو نااہل نہ کیاجاتا تو خوشحالی ہوتی‘ مریم
















