چیف جسٹس کو ربڑ سٹیمپ بنا دیا گیا، سیاسی انتقام کا سلسلہ ختم ہونا چاہئے، سپریم کورٹ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ہیں کہ نیب قانون کے ذریعے سیاسی انتقام کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، ترامیم بہت ذہانت کےساتھ کی گئیں، قانون سازی سے چیف جسٹس کو ربڑ سٹیمپ بنا دیا گیا، نیب ترامیم میں ایسا تو کچھ برا تھا جس نے عدالت کے دروازے کھولے۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بنچ نے نیب ترمیمی بل کےخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل روسٹرم پر آئے تو چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے مکالمہ کیا ”گڈ ٹو سی یو“ چیف جسٹس نے استفسار کرتے ہوئے کہا آپ کہاں تھے اٹارنی جنرل صاحب؟ آپ نگراں حکومت کا حصہ ہیں آجایا کریں۔

اٹارنی جنرل نے کہا عدالت کے صرف 2 منٹ لوں گا، اخبار میں عدالت کی آبزرویشنز پڑھی، میں نے نہیں کہا تھا پریکٹس اینڈ پروسیجرل ایکٹ میں سقم ہیں۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا آپ عدالت کا حکم نامہ پڑھیں، سمجھ نہیں آرہی انگریزی اخبارات میں خبر رپورٹر کے نام سے شائع کیوں نہیں کی جا رہی، معلوم نہیں کیا کوئی سنسرشپ کا نیا طریقہ ہے؟۔

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ نے تو تسلیم کیا قوانین میں مطابقت نہیں، کچھ ترامیم بہت ذہانت کےساتھ کی گئیں، قانون سازی سے چیف جسٹس کو ربڑ سٹیمپ بنا دیا گیا، اگست میں پارلیمنٹ قانون سازی کیلئے بہت متحرک رہی لیکن پریکٹس اینڈ پروسیجرز اور ریویو ایکٹ پر نظرثانی پارلیمان کی ترجیحات میں نہیں تھی۔

اٹارنی جنرل نے کہا پارلیمنٹ ریویو ایکٹ پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی منتظر تھی، چیف جسٹس نے کہا آپکی ہر بات مانیں گے مگر یہ بات تسلیم نہیں کریں گے۔ چیف جسٹس نے وفاق کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا مخدوم علی خان لکھ کر دیدیں آپ بہت جلدی بول رہے ہیں، آپ کی باتیں مجھے سمجھ نہیں آرہیں، تب سے صرف آپکو دیکھ رہا ہوں۔

مخدوم علی خان نے کہا وقت کم ہے اسلئے جلدی جلدی دلائل دے رہا ہوں، مبشر حسن کیس میں واضح کیا گیا قانون سازی کا اطلاق ماضی سے ہوسکتا ہے، پارلیمنٹ کے پاس قانون سازی کا مکمل اختیار ہے، وفاق کے وکیل نے کہا نیب ترامیم سے عدلیہ کی آزادی کا کوئی تعلق نہیں، قانون سازی سے عدلیہ کے اختیار بالکل کم نہیں کئے گئے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے حکومتی وکیل سے استفسار کیا آپ کے مطابق نیب ترامیم عدلیہ میں مداخلت نہیں، وکیل نے کہا بالکل نیب ترامیم عدلیہ کے اختیارات سے الگ معاملہ ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے نیب ترامیم اتنا ہی بڑا مسئلہ ہوتا تو کوئی شہری چیلنج کرتا، کسی مالیاتی ادارے نے ترامیم چیلنج کیں نہ ہی کسی سیاسی جماعت نے، عدالت سے ایسے شخص نے رجوع کیا جو خود پارلیمان سے بھاگا ہوا ہے۔ نیب ترامیم کن بنیادی حقوق سے متصادم ہیں آج تک سامنے نہیں آسکا، عجیب سی بات ہے مقدمے کو اتنے عرصے سے سن کیوں رہے ہیں۔ مخدوم علی خان نے کہا احتساب کے نام پر ضیا نے مشرقی پاکستان کے رہنماوں کو نااہل کیا، ماضی کے قوانین نے مجیب الرحمان پیدا کئے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ اب تنازع کے اصل مدعے پر آرہے ہیں، دیکھنا ہوگا آئینی طور پر کس کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، یہ بھی دیکھنا ہوگا ٹارگٹ کو کتنے وقت کیلئے اندر رکھا جاسکتا ہے، ایک 2 کیسوں میں دھوکہ دہی کے معاملات پر ثالثی چل رہی ہے، کچھ لوگوں کےساتھ اربوں روپوں پر ثالثی کے ذریعے مفاہمت کی جا رہی ہے۔ اُمید ہے آپکو معلوم ہوگا میں کیا بات کررہا ہوں۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا عوام کو لیول پلینگ فیلڈ ملنی چاہیے نہ کہ بااثرافراد کی وجہ سے قوم مشکلات کا سامنا کرے، یقینی بنایا جائے عوام کو کوئی اور تدبیرکرنے پر مجبور نہیں کیا جائیگا، مسابقتی کمیشن سے پوچھیں کتنے افراد نے معیشت پر مناپلی بنا رکھی ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے چیف جسٹس کے دلائل کو ہی آگے لیکر چلوں تو موسمیاتی تبدیلی بھی مسئلہ ہے، موسمیاتی تبدیلی کے بعد سیلاب و دیگر وجوہات سے بنیادی حقوق متاثر ہوئے، تمام بنیادی حقوق کی بجائے ایک قانون سازی کو کیوں لیکر بیٹھے رہیں۔

مخدوم علی خان نے کہا اگر عدالت ایسے تمام معاملات کو دیکھنا شروع کردے تو دن میں 24 گھنٹے کم پڑ جائیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کیا نیب ترامیم عوامی مفاد کا تحفظ کر رہی ہیں، عوامی پیسے کو کرپشن کی نظر تو نہیں کیا جاسکتا، آئین کے تناظر میں ترامیم کو دیکھنا ہے۔ جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دئیے نیب ترامیم کو نئی پارلیمنٹ کیلئے کیوں نہیں چھوڑا جاسکتا، نئے انتخابات ہوں گے نئی اسمبلی آجائیگی تو اسی کو معاملہ دیکھنا چاہئے، سپریم کورٹ کو پارلیمنٹ کی قانون سازی میں نہیں پڑنا چاہئے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے نیب ترامیم میں ایسا تو کچھ برا تھا جس نے عدالت کے دروازے کھولے، ترامیم سے کچھ جرائم کو ثابت کرنا انتہائی مشکل بنا دیا گیا، قانون میں کئی خامیاں ہیں، اطلاق بھی درست انداز میں نہیں کیا گیا، موجودہ کیس میں اہم نکتہ ہے پورے قانون کو بے ترتیب کردیا گیا، درخواست گزار نے احتساب کے معیار کیلئے کچھ اسلامی مثالیں دیں، احتساب جمہوری عمل کی بنیاد ہے، 5 سال کے بعد ووٹنگ ہونا بھی احتساب کا عمل ہے، کیس میں بہت سے جرائم یا تو ختم کردئیے گئے یا تبدیل کردئیے گئے، ترامیم کے ذریعے شواہد کے طریقہ کار کو تبدیل کیا گیا۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا شواہد کے عمل کو بہت مشکل بنا دیا گیا، نیب ترامیم کے ذریعے استثنیٰ بھی دیا گیا، ترامیم سے 50 کروڑ کی حد مقرر کی گئی، ترامیم سے ختم ہونیوالے جرائم دوسرے قوانین میں آج بھی جرائم ہی ہیں، کئی جرائم کو ختم کیا گیا، کم سے کم حد 50 کروڑ کرنے سے کئی مقدمات نیب کے دائرہ اختیار سے باہر کئے گئے۔

چیف جسٹس نے کہا نیب ایک ہی ملزم پر کئی مقدمات بنا لیتا ہے جن میں سینکڑوں گواہ ہوتے ہیں، سینکڑوں گواہوں کی وجہ سے نیب مقدمات کئی کئی سال چلتے رہتے ہیں، اصل چیز کرپشن کے پیسے کی ریکوری ہے، ریکوری نہ بھی ہو تو کم از کم ذمہ دار کی نشاندہی و سزا ضروری ہے، عدالت تعین نہیں کرسکتی 50 کروڑ کی حد مقرر کرنا درست ہے یا نہیں۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا عدالت کو مطمئن کریں کوئی جرم ختم نہیں کیا، بہت سے اچھی ترامیم بھی کی گئیں جیسا اپیل کا حق، ضمانت، ریمانڈ والی اچھی ترامیم ہیں، سب ترامیم انسانیت کی بنیاد پر کی گئیں کیونکہ لوگ بغیر سزا برسوں تک جیل میں رہتے تھے، عدالت دیکھنا چاہتی ہے کہیں ترامیم سے کوئی غلط دروازہ تو نہیں کھول دیا گیا؟ چیف جسٹس نے کہا معاملے کو بھی دیکھنا ہے کرپشن کے جرم کو محض کاغذی کارروائی تک محدود تو نہیں کردیا گیا اگر آپ کہیں تو نیب ترامیم کےخلاف پبلک نوٹس جاری کردیتے ہیں۔

مخدوم علی خان نے کہا جی ٹھیک ہے آپ پبلک نوٹس جاری کردیں۔ چیف جسٹس نے کہا کافی وقت سے کیس سن رہے ہیں اب ایسا نہیں کرسکتے، وقت کم ہے، کیس کو مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا احتساب قوانین میں سب سے سخت قانون نیب کا ہی ہے، نیب کے دائرے سے نکلنے والے کسی اور قانون کے تحت احتساب کے عمل میں شامل ہوں گے، کیا 50 کروڑ کی حد اس لئے مقررکی گئی بڑی مچھلی کو پکڑا جائے؟ کیا 50 کروڑ سے کم کی کرپشن کرنے والوں کی عزت افزائی کی جا رہی ہے؟ ۔

چیف جسٹس نے کہا نیب ٹرائل کی رفتار بہت سست ہوتی ہے، نیب ترامیم 2022 میں انکوائری کے وقت ملزم کی گرفتاری کو نکالا گیا، جولائی2023 میں نیب قانون میں دوبارہ انکوائری سطح پرگرفتاری کوشامل کیا گیا، نیب کیسوں میں انکوائری کی سطح پرگرفتاری کے نقص کونکال کردوبارہ شامل کیا گیا، انکوائری سطح پرگرفتاری نیب کی گرفت اور سیاستدانوں کے گردگھیرا تنگ کرنے کےلئے کی گئی۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا نیب قانون کے ذریعے سیاسی انتقام کا سلسلہ ختم ہونا چاہئے۔ عدالت عظمیٰ نے نیب ترامیم سے مستفید افراد کی نئی فہرست طلب کرتے ہوئے کہا نیب پہلے دسمبر و جنوری میں بھی فہرست دے چکا، اب تک کی اَپ ڈیٹ فہرست فراہم کی جائے۔