لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے ایکسپو سنٹر میں سی پاکستان 2023 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد، چوہدری عبدالرحمن اور غیر ممالک سے آئے مقررین اور طلباءو طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ سب سے پہلے انتہائی اہم اور خوبصورت کانفرنس کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد اور شاباش دینا چاہتا ہوں۔ پاکستان دنیا کے کسی بھی ملک سے پیچھے نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ صلاحیتوں اور خوبیوں سے نوازا ہے۔ ہمیں منزل حاصل کرنے کیلئے مقصدیت کو نہیں بھولنا چاہئے۔ مجھے کورونا وائرس پر ریسرچ شروع کرنے پر کیسوں کا سامنا کرنا پڑا۔مثبت سوچ رکھنے والے ایک دن اپنی منزل پا ہی لیتے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ عوام کی بہتری کے منصوبوں کو کبھی ختم نہیں ہونا چاہئے۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی اور ان کی کابینہ نے محنت سے عوام میں اپنا مقام حاصل کیا ہے۔ پنجاب کی نگران کابینہ کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں لیکن ہم عوام کی بہتری کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے ہر شعبہ میں محنت کرنے والے لوگ موجود ہیں۔ بس ہمیں اپنے ٹارگٹ کی پہچان کرکے اسے حاصل کرنا ہے۔ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں طلباﺅ طالبات کی جدید ریسرچ کو کمرشلائز کرنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پوری دنیا میں ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ پنجاب کی عوام کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے آرٹیفشل انٹیلی جنس کا نظام متعارف کروایا گیا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ آج اس مقام پر اپنے استاد نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی وجہ سے ہوں۔ ہمیں اپنے بچوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا چاہئیں۔ اللہ تعالیٰ اس ملک پاکستان کو ترقی کے عروج پر لے جائیں۔ اس موقع پر ایم ایس سروسز ہسپتال لاہور ڈاکٹر منیر احمد ملک نے کہاکہ ہسپتال میں ہیپاٹائٹس اور شوگر کے ٹیسٹ بلا تعطل جاری ہیں۔ سروسز ہسپتال کی چاروں لیبارٹریز میں بلڈ شوگر کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ سروسز ہسپتال کی ہر لیب میں ایچ بی وی اور ایچ سی وی کی وافر مقدار میں کٹس دستیاب ہیں۔ ڈاکٹر منیر احمد ملک نے کہاکہ سروسز ہسپتال ابھی بھی ہزاروں مریضوں کے ہیپاٹائٹس اور شوگر کے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سروسز ہسپتال لاہور میں مریضوں کو کوئی مشکل نہیں آنے دیں گے۔
پاکستان صلاحیتوں سے مالامال، عوامی بہتری کے منصوبوں کو ختم نہیں ہونا چاہئے:ڈاکٹر جاوید اکرم

















