ن لیگ کی جارحانہ حکمت عملی تیار،اہم شخصیات کی خفیہ آڈیوز سامنے لانے کا فیصلہ

لاہور(اپنے نمائندے سے)ن لیگ کی جارحانہ حکمت عملی تیار،اہم شخصیات کی خفیہ آڈیوز سامنے لانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق لندن میں ن لیگ کے بڑوں کی بیٹھک میں اہم فیصلے کیے گئے، اندورنی کہانی کے مطابق اہم شخصیات کی خفیہ آڈیوز سامنے لانے و مخالفین کیخلاف جارحانہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا، ملکی تباہی کی ذمہ داری پانامہ جے آئی ٹی اراکین، باجوہ،فیض حمید،ججز، سابق چیئرمین نیب،نیازی ودیگر پر عائد کی جائےگی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں مصالحانہ کی بجائے جارحانہ انداز اپنایاجائے گا،انتقامی کارروائیاں ڈاکومینٹری کی صورت میں سامنے لائی جائیں گی،نواز شریف انتخابی مہم میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ ،شیخ عظمت سعید سمیت دیگر کے پس پردہ کردار پراہم انکشافات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق انتخابی مہم کے دوران پاکستان کی معاشی، سماجی و سیاسی ابتری کے ذمہ داروں کے نام اجاگر کئے جائیں گے،نواز ،مریم اپنے ساتھ ہونےوالی سازش کے پس پردہ محرکات سامنے لائیں گے، شہباز ،حمزہ عوامی اجتماعات میں مصالحانہ رویہ بھی اپنائیں گے،نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل سوشل میڈیا و الیکٹرانک میڈیا پر بھرپور مہم چلائی جائے گی، کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ نواز شریف کریں گے۔