تجاوزات کیخلاف کارروائی بلا تمیز جاری رہنی چاہئے :کمشنر ساہیوال ،سیوریج کے سنگین مسائل کا بھی نوٹس

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر میں تجاوزات کیخلاف بھرپور مہم چلانے کی ہدایت کر دی، تمام سرکاری املاک کو واگزار کرایا جائے، تجاوزات کیخلاف کارروائی بلا تمیز جاری رہنی چاہیے، کمشنر کی چیف آفیسر کو ہدایت۔ اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر شہر میں تجاوزات کے خلاف فی الفور کارروائی شروع کی جائے اور سرکاری املاک اور زمینوں پر قبضے ختم کروائے جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان،پسپ کے سٹی منیجر اسجد خان، انفراسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مارکیٹوں میں عارضی تجاوزات کو بھی ہٹایا جائے۔ انہوں نے مسلم بن عقیل کالونی میں جانوروں کے باڑوں کی وجہ سے سیوریج کے سنگین مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے کارپوریشن کو کالونی میں موجود جانوروں کو نکالنے اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے بھی احکامات جاری کئے۔دریں اثناءساہیوال بورڈآف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے کلاس نہم کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کا اعلان کمشنر ساہیوال/ چیئرپرسن بورڈ شعیب اقبال سید نے کیا۔ امتحانات میں 91261 طلبہ و طالبات شریک ہوئے جن میں سے 41235 طلبہ و طالبات کامیاب قرار پائے اور اس طرح امتحان میں کامیابی کا تناسب 45.18 فی صد رہا۔امتحان میں 74727ریگولر طلبہ و طالبات نے شرکت کی جن میں سے 35470پاس ہوئے اور کامیابی کاتناسب 47.47فیصد رہا جبکہ 16534پرائیویٹ طلبہ و طالبات میں سے 5765نے کامیابی حاصل کی اور ان کی کامیابی کا تناسب 34.87فیصد رہا۔ امتحان میں 72سپیشل بچوں نے بھی شرکت کی جن میں سے 70 کامیاب ہوئے۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت اور سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر رابعہ اختر بھی موجود تھیں۔ نتائج 800292 پر رولنمبر ایس ایم ایس کرکے معلوم کئے جا سکتے ہیں۔ طلبہ و طالبات www.bisesahiwal.edu.pk سے بھی رزلٹ دیکھ سکتے ہیں۔