قوم مطمئن رہے ،انتخابات وقت پر ہوں گے،سنجرانی

کراچی(بیورورپورٹ) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہاہے قوم مطمئن رہے ،انتخابات وقت پر ہوں گے۔

چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر چیئرمین سینٹ کو مسلح افواج کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی دی جبکہ چیئرمین سینٹ نے مزار پر پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔

صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے صادق سنجرانی نے کہابلوچستان کی آواز بلوچستان کے سینیٹرز بخوبی اٹھا رہے ہیں ،نگران وزیراعظم سے بلوچستان کے عوام کو امید کی کرن نظر آئی تاہم بلوچستان کی ترقی کےلئے بہت سارے وسائل کی ضرورت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین سینٹ نے کہاگزشتہ حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نے مردم شماری کو نوٹیفائی کیا، سب کو پتہ تھا حلقہ بندیاں ہوں گی،یقین رکھیں الیکشن ہوں گے اور وقت پر ہوں گے،صادق سنجرانی نے مزیدکہانئے صدر کے انتخاب تک عارف علوی اپنے منصب پر رہیں گے۔