خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ تحلیل کرنے کافیصلہ،متعدد وزرا،مشیر مستعفی

پشاور (بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ تحلیل کرنے کافیصلہ،متعدد وزرا اور مشیروں نے استعفے جمع کرا دیئے ،پی پی،جے یوآئی ممبران نے مہلت مانگ لی۔


نگراں وزیراطلاعات نے کہا 19 کابینہ اراکین نے استعفے وزیراعلیٰ کے پاس جمع کرادیئے، باقی ممبران بھی جلد استعفے جمع کرائیں گے،صوبائی وزیر نے کہاوزیراعلیٰ نے تمام وزرا، مشیروں ، معاونین خصوصی کو چائے پر مدعو کیا اور استعفے طلب کیے،کچھ ممبران نے وقت مانگا۔

بیرسٹر فیرز جمال نے کہااستعفے موصول ہونے کے بعد وزیراعلیٰ کابینہ اراکین کے استعفوں سمیت سمری آج گورنر خیبرپختونخوا کو ارسال کریں گے۔

استعفیٰ دینے والوں میں مسعود شاہ، عبد الحلیم قصوریہ، ارشاد قیصر، علی شاہ، ہدایت ، سلمیٰ بیگم، ریاض انور، پیر ہارون شاہ، شیراز اکرم، ملک مہر الٰہی، حامد شاہ، بخت نواز، حاجی غفران، فضل الٰہی، تاج ، حمایت ، ظفر محمود اور رحمت سلام خٹک شامل ہیں۔

واضح رہے الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ کو بعض کابینہ اراکین کے سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر وزارتوں سے ہٹانے کا خط لکھا تھا،ذرائع کے مطابق نگراں کابینہ تحلیل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ اعظم خان نئی ٹیم تشکیل دیں گے۔