اسلام آباد(بیورورپورٹ)اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو تین مقدمات میں طلب کر لیا،اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تھانہ ترنول، کوہسار، کراچی کمپنی مقدمات میں طلب کیا ہے، پولیس کی جانب سے طلبی کے نوٹس زمان پارک لاہور بھجوائے گئے ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے پہلے بھی آپ کو نوٹس کر کے طلب کیا گیا پر آپ حاضر نہیں ہوئے، آپ کوئی ثبوت دینا چاہتے ہیں تو حاضر ہو کر پیش کریں، حاضر نہ ہونے کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس کے سلسلے میں الیکشن کمیشن میں طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے،پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی، طلبی کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی پیش نہیں ہوئے اور وکیل کی استدعا پر الیکشن کمیشن نے سماعت ملتوی کردی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن نوٹس پر سماعت کی جس میں پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر علی پیش ہوئے اور استدعا کی کچھ دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کرانا چاہتا ہوں۔
وکیل نے کیس کا ریکارڈ فراہم نہ کیے جانے کا موقف اختیا رکرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین میں ترمیم سے قبل کرائے، پی ٹی آئی نے خود آئین میں ترمیم الیکشن کمیشن میں جمع کرائی،ممبر الیکشن کمیشن نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی نے لکھا 8جون 2022 کو آئین میں ترمیم کی، 10جون 2022 کو انٹرا پارٹی انتخابات کروائے۔
بیرسٹر گوہر علی نے الیکشن کمیشن سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی تو چیف الیکشن کمشنر نے کہا میڈیا پر کہا جاتا تھا الیکشن کمیشن نوٹس دے ہم جواب دیں گے، ہم نے پی ٹی آئی کی درخواست پر آپ کو نوٹس ،بعدازاں چیف الیکشن کمشنر نے متعلقہ دستاویزات بیرسٹر گوہر علی کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 8اگست تک ملتوی کر د۔
علاوہ ازیںعدالت نے دو مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی،اسلام آباد کی عدالت نے 190ملین پاو¿نڈ سکینڈل اور توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اوران کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں توسیع کی،عدالت نے دونوں کی عبوری ضمانت میں کل تک توسیع کی ہے۔
دوسری جانب احتساب عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ نیب انکوائری کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی،احتساب عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کل پیش ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی تین مقدمات میں طلبی،عدم حاضری پر کارروائی ہوگی ،اسلام آباد پولیس کا انتباہ


















