اسلام آباد (بیورو رپورٹ) توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کا حق دفاع ختم، گواہ طلبی، ٹرائل روکنے کی درخواستیں مسترد، توہین الیکشن کمیشن پر 22 اگست کو فردجرم کیلئے طلب کرلیا گیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس پر سماعت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے 4 گواہوں ٹیکس کنسلٹنٹ عثمان علی، سینئر منیجر قدیر احمد، آئی ٹی پی کے سینئر منیجر نوید فرید اور پی ٹی آئی کے رو¿ف حسن کی فہرست پیش کی۔ وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز ایڈووکیٹ نے اعتراض کیا گواہ غیرمتعلقہ ہیں۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہمایوں دلاور نے فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی گواہ طلبی کی درخواست مسترد کردی اور تمام 4 گواہوں کو غیرمتعلقہ قرار دےدیا۔
جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دئیے سیشن عدالت انکم ٹیکس ریٹرنز کو نہیں دیکھ رہی، الیکشن ایکٹ سیکشن 167، 173 کے تحت شکایت دائر ہوئی، شکایت انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت دائر نہیں کی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی انکم ٹیکس سے گواہوں کا تعلق ثابت کرنے میں ناکام رہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو انکم ٹیکس سے وابستہ گواہ پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف فردجرم عائد اثاثہ جات کے حوالے سے کیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی پر جھوٹے اثاثہ جات جمع کرانے کا الزام ہے، 4 گواہوں کی لسٹ سے منسلک درخواست خارج کی جاتی ہے۔ وکیل الیکشن کمیشن کے مطابق غیرمتعلقہ گواہ ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر نے کہا الیکشن کمیشن نے موکل کے اکاو¿نٹ کی سٹیٹمنٹ عدالت کے سامنے پیش نہیں کی بلکہ فوٹوکاپی سٹیٹمنٹ دی گئی، تھوڑا رحم کریں آپ ہی میرے حقوق کے امین ہیں، لیول پلیئنگ فیلڈ دیں، انصاف کی توقع ہے۔ جج ہمایوں دلاور نے فریقین کو مقدمے میں آج حتمی دلائل کےلئے طلب کرتے ہوئے کہا اگر فریقین حتمی دلائل نہیں دیتے تو فیصلہ محفوظ کرلیا جائےگا، عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔
دریں اثنا سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں فوری ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکام کو 4 اگست کو طلب کرلیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 27 جولائی کے فیصلے کےخلاف دائر اپیل پر جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں قائم 3 رکنی خصوصی بنچ نے سماعت کی۔
دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث دلائل کےلئے روسٹرم پر آئے، جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا جو ریلیف آپ نے مانگا وہ دےدیا تھا، حیرت ہے آپ نے پھر بھی سپریم کورٹ سے رجوع کیا، جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا ہائیکورٹ میں کیس اب کب کےلئے مقرر ہے، وکیل خواجہ حارث نے کہا کیس جمعرات کو ہائیکورٹ میں سماعت کےلئے مقرر ہے لیکن اصل سوال دائرہ اختیار کا ہے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا آپکی درخواست غیرمو¿ثر ہوچکی تھی پھر بھی سنا اور آرڈر دیا، صورتحال کو سمجھ رہے ہیں، سمجھا تھا ہائیکورٹ آپکو بہتر آرڈر دےگی، حکم نامے میں لکھا تھا ہائیکورٹ درخواستوں کو اکٹھا سنے، ہوسکتا ہے جو ریلیف آپ مانگ رہے ہیں وہ ہائیکورٹ فیصلہ کردے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا پہلے ہائیکورٹ کو فیصلہ کرنے دیں، عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا ہائیکورٹ نے حکم امتناع نہیں دیا اسلئے سپریم کورٹ آئے، عدالت نے استفسار کیا الیکشن کمیشن سمیت فریقین کو نوٹس جاری کررہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں فوری ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن حکام کو 4 اگست کو طلب کرلیا۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دئیے ممکن ہے ہائیکورٹ ٹرائل ہی روکنے کا حکم دیدے، ٹرائل کورٹس پر سپروائزری دائرہ اختیار ہائیکورٹ کا ہی ہے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے خواجہ حارث سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ٹرائل کورٹ کی کارروائی میں مداخلت نہیں کرسکتے، اسلام آباد ہائیکورٹ کو فیصلہ کرنے دیں، اگر آپ کو ریلیف نہیں ملتا تو سپریم کورٹ میں مقدمہ زیر سماعت ہے، سپریم کورٹ سے حکم لینے کی بجائے ہائیکورٹ کے حکم انتظار کرنا بہتر ہوگا۔ خواجہ حارث نے کہا ٹرائل کورٹ نے گواہ پیش کرنے کا حکم دیا، ٹرائل کورٹ جج نے کہا گواہ پیش نہ کئے تو حق دفاع ختم کردیں گے، ہائیکورٹ نے 4 درخواستوں پر نوٹس کئے لیکن حکم امتناعی نہیں دیا، جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا موجودہ کیس میں آپ مزید سوچ بچار کرلیں، عدالت نے کیس کی سماعت کل ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین کےخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیل شعیب شاہین الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، وکیل شعیب شاہین نے کہا گزشتہ روز سمجھا مجھے ریکارڈ ملا ہے ، اب معلوم ہوا فائل میں دونوں ریکارڈ تھے، چیئرمین پی ٹی آئی کی ذاتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ہے، ممبر الیکشن کمیشن نے سوال کیا اگلی سماعت پر آجائیں گے؟ وکیل شعیب شاہین نے کہا کوشش ہوگی، اگلی سماعت ستمبر میں رکھیں، چھٹیاں ہیں آج کل، ممبر الیکشن کمیشن نے کہا اگست کی تاریخ لیں پھر ہم مصروف ہوجائیں گے۔ وکیل شعیب شاہین نے کہا ہم بھی کچھ سکھ کا سانس لیں، ممبر الیکشن کمیشن نے کہا آپکے نمائندے نے کہا مجھے ریکارڈ چاہئے، دونوں ریکارڈ ای سی پی کے پاس تیار تھے، وکیل شعیب شاہین نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی نے میڈیکل چیک اپ کےلئے ہسپتال جانا ہے، وہ کئی دنوں سے روزانہ عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں، ممبر الیکشن کمیشن اکرام خان نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کرنا تھی، فردجرم عائد کرنے کےلئے حاضری لازمی ہے، الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 22 اگست تک ملتوی کردی۔
توشہ خانہ کیس، چیئرمین پی ٹی آئی کا حق دفاع ختم، گواہ طلبی، ٹرائل روکنے کی درخواستیں مسترد


















