پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، حکومت نے جاتے جاتے عوام کو زندہ درگور کردیا ،شہریوں کی دہائی

لاہور ( رپورٹ: نعیم جاوید/ عکاسی: واحد شہزاد) عوام نے حکومت کی طرف سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 20 روپے تک اضافے مسترد کرتے ہوئے پرانی قیمت بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ روزنامہ” مشرق“سے گفتگو کرتے ہوئے اڈہ پلاٹ کے رہائشی محمد علی نے کہا کہ موجودہ حکومت جاتے جاتے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے، کل ایل پی جی اور ڈاک ٹکٹ مہنگے کئے، آج پٹرول بم گرا دیا۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ فیصلہ فوری طور پر واپس لے۔ سلطان ٹاون رائیونڈ روڈ کے رہائشی جمال فاروقی نے کہا کہ سفید پوش طبقہ ختم ہو چکا ہے، حکومت نے آٹا مافیا اور چینی مافیا کو کھلی چھٹی دی ہوئی ہے باقی کسر پٹرول ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے پوری کر دی ہے، اس سے خود کشیوں میں اضافہ ہو گا۔ سبزہ زار کے رہائشی ریحان بٹ نے کہا کہ ہم بجلی کا بل دیں مہنگا پٹرول خریدیں یا گھر کا کیچن چلائیں کہاں جائیں موجودہ حکومت نے تو حد ہی کر دی ہے وحدت کالونی کے رہائشی جاوید ہاشمی نے کہا کہ عوام کو موجودہ حکومت سے کسی قسم کی خیر کی توقع نہیں ہے آئی ایم ایف نے ریونیو کا ٹارگٹ دیا تھا جو یہ عوام پر بوجھ ڈال کر پورا کرنا چاہتے ہیں مفت بجلی اگر ختم نہیں کر سکتے تو کم از کم بجلی کی چوری تو روک سکتے ہو سرکاری گاڑیوں میں ڈالنے والے پٹرول کا آڈٹ تو کر سکتے ہو۔ علامہ اقبال ٹاو¿ن کے رہائشی فہیم احمد میاں نے کہا کہ ہم پاکستان میں غلاموں جیسی زندگی بسر کر رہے ہیں ہمارے مالک مفت بجلی پٹرول اور دیگر مراعات کے مزے لے رہے ہیں۔ لاری اڈا ٹیکسی سٹینڈ کے ڈرائیورزنے پٹرول کی قیمت میں اضافے کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ وفاقی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ٹیکسی ڈرائیورز کا کہناہے پہلے ہی پٹرول کی قیمت اس قدر زیادہ تھی کہ مشکل سے دو وقت کی روٹی کما رہے تھے۔ حالیہ اضافے سے دو وقت کی روٹی کمانا بھی ناممکن ہو جائےگا۔ٹیکسی ڈرائیورز نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ ہم کہاں جائیں کیا کریں؟ بچوں کی پرورش کیسے کریں؟ مظاہرین نے پٹرول کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ فوری طورپر واپس لینے،پٹرول سستا کرنے کا مطالبہ کیاہے۔