حکومت کو حالت امن میں بھی کسی جگہ یا راستے کو ممنوعہ قرار دینے کااختیار،بل منظور

اسلام آباد(بیورورپورٹ)حکومت کو حالت امن میں بھی کسی جگہ یا راستے کو ممنوعہ قرار دینے کااختیار،قومی اسمبلی نے سیکریٹ ایکٹ 1923 میں ترامیم کا بل منظور کرلیا ،قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر زاہد اکرام درانی کی زیر صدارت ہوا۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 میں ترمیم کا بل پیش کیا جسے ایوان نے منظور کرلیا،تحریر شدہ، غیر تحریر شدہ، ورچوئل، الیکٹرانک یا ڈیجیٹل مسودے کو بھی دستاویز میں شامل کرنے کی تجویز دےدی گئی۔

ایکٹ میںملٹری استعداد اور صلاحیت یا اسلحہ، گولہ بارود کی خرید و فروخت سے متعلق معاملات ، انٹیلی جنس ایجنسی کی تعریف میں آئی بی کےساتھ آئی ایس آئی کو بھی شامل کرنے، ممنوعہ مقامات کی تعریف میں دفاع پاکستان سے متعلق دفاتر، کیمپ آفسز اور عمارت کے کسی بھی حصے کو شامل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے،ایکٹ کے تحت زمانہ جنگ کےساتھ زمانہ امن کو بھی شامل کرنے کی تجویز ہے۔

بل کے تحت حکومت کو حالت امن میں بھی کسی جگہ، علاقے، بری یا بحری راستے کو ممنوعہ قرار دینے کا اختیار حاصل ہوگا،مسلح افواج کے زیر استعمال عارضی جگہیں بھی ممنوعہ قرار ہوں گی، ملکی مفادات کےخلاف کسی بھی مقام تک رسائی ممنوعہ ہوگی،کوئی بھی شخص بالواسطہ یا بلاواسطہ، ارادتاً یا غیر ارادی طور پر کسی غیر ملکی قوت، ایجنٹ، غیر ریاستی عناصر، اداروں یا گروپ کےلئے کام کرے گا تو دشمن سمجھا جائے گا۔

ممنوعہ قرار دئیے گئے مقام، انفارمیشن سسٹم، نیٹ ورک یا ڈیٹا تک براہ راست، الیکٹرانک یا ورچوئل رسائی کو غیر قانونی رسائی تصور کیا جائے گا، ممنوعہ قرار دئیے گئے مقام تک رسائی، داخلہ، حملہ کرنا، تباہی پھیلانا جرم تصور کیا جائے گا،ممنوعہ قرار دئیے گئے مقام کا سکیچ بنانا، پلان یا ماڈل تیار کرنا جس سے دشمن کو فائدہ پہنچ سکے قابل سزا جرم تصور کیا جائے گا، کوئی بھی سرکاری کوڈ یا پاس ورڈ، الیکٹرانک ڈیوائس حاصل کرنا، ریکارڈ شائع کرنا یا کسی کو بتانا جرم تصور کیا جائے گا۔

کسی الیکٹرانک ڈیوائس کے ذریعے یا بغیر پاکستان کے اندر یا باہر سے دستاویز یا معلومات تک غیر قانونی رسائی حاصل کرنا جرم تصور کیا جائے گا،فورسز کی استعداد، اسلحہ یا آلات کی ایجاد، تحقیق، ترقی، پیداوار، مینٹی ننس، آپریشن یا سٹوریج معلومات حاصل کرنا یا کسی کو بتانا جرم تصور کیا جائے گا۔

پاکستان کے اندر یا باہر کسی بھی فارن ایجنٹ کے پتے پر جانے یا منسلک ہونے کو دشمن سے رابطہ سمجھا جائے گا، پاکستان کے اندر یا باہر کسی بھی شخص سے دشمن یا فارن ایجنٹ کا نام یا پتہ ملنے کی صورت میں بھی دشمن سے رابطے میں سمجھا جائے گا۔

خفیہ اداروں سے منسلک اہلکاروں، مخبر یا ذرائع کی شناخت ظاہر کرنے والے کو مجرم تصور کیا جائے گا، شناخت ظاہر کرنےوالے کو 3سال تک قید ،10 لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی، شناخت ظاہر کرنے والے کی معاونت کرنے، سازش کرنے یا شناخت ظاہر کرنے کی کوشش کرنے والے کو بھی یہی سزا دی جا سکے گی۔

ایکٹ کے تحت کوئی بھی جرم سرزد ہونے یا جرم کا شک ہونے پر خفیہ ادارے کسی بھی مقام یا شخص کی بغیر وارنٹ تلاشی لے سکیں گے،گرفتار کیے گئے شخص یا قبضے میں لیے گئے سامان کو خفیہ ادارے کا افسر تحقیقاتی افسر یا مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو دینے کا پابند ہوگا، ایکٹ کے تحت تفتیشی افسر ایف آئی اے کا گریڈ 17 یا زائد کا افسر ہوگا،ایکٹ کے تحت تفتیشی افسر یا جے آئی ٹی 13 روز کے اندر تحقیقات مکمل کرنے کے پابند ہوں گے۔