نیب لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتی رہی: وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیب لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتی رہی۔ منرل سمٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کی کرپشن کو نظر انداز کیا گیا۔ نیب لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتی رہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے معاشرہ تقسیم ہوچکا ہے۔ لوگوں کے ذہنوں میں زہر گھول دیا گیا ہے۔ کیا اس صورتحال میں ملک کی ترقی کے لیے کام کیا جاسکتا ہے اس کا جواب نہیں ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ تھر کول دنیا کے بڑے کوئلے کے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ریکوڈک کا منصوبہ ملک کی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔ گزشتہ 75 سال میں ہم نے اپنی قیمتی دولت پر توجہ نہیں دی۔

کیا ہم کسی کارٹیل یا سیاسی وجوہات کی بنا پر تذبذب کا شکار تھے۔ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے۔ باتیں بہت ہوگئیں اب ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جنگ اب کوئی آپشن نہیں رہ گئی ہے۔ پاکستان جوہری طاقت ہے تاہم یہ طاقت کسی کیخلاف استعمال کیلئے نہیں۔ ہمارے پڑوسیوں کو سمجھنا چاہیے کہ امن کے ساتھ رہا جائے اور مسائل کے حل کیلئے بامقصد مذاکرات کئے جانے چاہئیں۔ غربت کیخلاف اور عوام کے مفاد کیلئے کام کرنا چاہیے۔