پاکستان میں غذائی قلت کا شکار بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے:ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں یونیسف کے وفد نے ملاقات کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور یونیسف کے وفد کے درمیان بریسٹ فیڈنگ اور ماں و بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان سمیت دنیا کے پانچ ممالک میں خدمت انسانیت کا موقع ملا ہے۔ صوبہ بھر میں تھیلیسیمیا کی بیماری پر قابو پانے کیلئے نویں جماعت کے ہر طالب علم کو امتحان دینے سے پہلے سکریننگ کیلئے پابند کیا جائے گا۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ایک بچے کی صحت کیلئے ماں کے دودھ کی بڑی اہمیت ہے۔اللہ پاک نے بچے کیلئے ماں کے دودھ میں بڑی طاقت رکھی ہے۔حکومت پنجاب صوبہ بھر میں ماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ پاکستان میں غذائی قلت کا شکار بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کو بنانے کا بنیادی مقصد ہی بچوں کو خطرناک بیماریوں سے بچانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بریسٹ فیڈنگ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے معاشرے میں آگاہی پھیلانا ضروری ہے۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے حکومت پنجاب سے تعاون کرنے پر یونیسف کے وفدکا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پرنگران صوبائی وزیر صحت نے یونیسف کے وفد کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ دریں اثناء نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اچانک پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔ چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ ڈاکٹر فرقد عالمگیر بھی نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کے ہمراہ تھے۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی سی پروفیسر ڈاکٹر احمد نعمان اور ایم ایس ڈاکٹر محمد تحسین نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے بریفنگ دی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر مختلف سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کرکے طبی سہولیات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں آنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ پنجاب کے تمام کارڈیالوجی ہسپتالوں میں پرائمری انجیو پلاسٹی کامیابی سے جاری ہے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں آنے والا ہر مریض ہمارے لئے اہم ہے۔ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔