نگران حکومت کے اعلانات کی نفی، وزیر ہاﺅسنگ سرکاری مراعات سے مستفید

لاہور (قمر عباس نقوی) نگران حکومت کے اعلانات کی نفی، وزیر ہاﺅسنگ سرکاری مراعات سے مستفید، واسا کے سرکاری وہیکل سمیت پٹرول کا بے دریغ استعمال، خزانے پر بھاری بوجھ۔ تفصیلات کے مطابق واسا لاہور عرصہ دراز سے مالی طور پر غیرمستحکم ہے جس کی وجہ سے مختلف اخراجات میں کمی کرنے کی منصوبہ بندی اختیار کی گئی ہے۔ ماہانہ بجلی کے بلز کی مد میں ایک ارب روپے کا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے، اسکی ادائیگی اقساط میں بھی ادا کرنا مشکل ہوچکا ہے جبکہ واسا کو اپنے وسائل سے حاصل ہونیوالی ماہانہ آمدنی 93 کروڑ روپے حاصل ہورہی ہے۔ ایم ڈی واسا کی طرف سے ایک سال میں ماہانہ آمدنی میں 40 کروڑ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ مالی مسائل کا شکار محکمہ واسا پر مختلف انتظامی امور کے افسران اور نگران صوبائی وزیر ہاﺅسنگ اظفر علی ناصر کی جانب سے مراعات کے حصول کی خاطراضافی مالی بوجھ ڈالنے کا انکشاف کیا گیا ہے جبکہ نگران صوبائی وزیر ہاﺅسنگ کے پاس اوقاف پنجاب کی منسٹری کا قلمدان ہے لیکن نگران صوبائی وزیر کی جانب سے گزشتہ ایک ماہ سے محکمہ واسا کا ڈبل کیبن ڈالہ نمبری LEG-19-41 سمیت پٹرول کی بھی سہولت لی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ ڈالہ واسا ہیڈ آفس کے ڈائریکٹر پی اینڈ ای کے زیر استعمال تھا واضع رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ میرے سمیت کسی بھی نگران وزیر کی جانب سے تنخواہ اور مراعات نہیں لی جا رہی جبکہ صوبائی نگران وزیر ہاﺅسنگ کی جانب سے واسا سے مراعات حاصل کرتے ہوئے پٹرول کا بے دریغ استعمال سے واسا کے مالی خزانے پر اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ نگران وزیر ہاﺅسنگ اظفر علی ناصر سے واسا لاہور سے وہیکل اور پٹرول کی مد میں مراعات لینے کے حوالے سے موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا گیا، وٹس ایپ میسج بھی کیا گیا جس کو پڑھنے کے بعد بھی موقف دینے سے گریز کیا گیا ہے۔ واسا ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ انتظامی امور کا ہے، اس بارے میں ان سے معلومات لےکر موقف دے سکتا ہوں۔