محکمہ انسداد رشوت ستانی :بلدیہ عظمیٰ کے کرپٹ افراد کیخلاف درج مقدمہ متنازع صورت اختیار کرگیا

لاہور ( نوید چودھری) محکمہ انسداد رشوت ستانی لاہور ریجن کا بلدیہ عظمیٰ کے کرپٹ اور نااہل ملازمین و ٹھیکیداروں کیخلاف درج مقدمہ متنازعہ صورتحال اختیار کر گیا ہے، مقدمہ درج کرنے سے قبل کیس کی تمام پہلوﺅں پر مبنی غیر جانبدارانہ چھان بین نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف مرکزی ملزمان کو تحفظ ملا ہے بلکہ کیس بھی کمزور پڑنے کا خدشہ پید اہو گیا ہے۔ منڈیوں کے ذریعے بلدیہ عظمیٰ کا خزانہ لوٹنا کا جو دورانیہ ایف آئی آر میں بیان کیا گیا ہے اس عرصہ میں زبیر وٹو نہیںبلکہ فیصل شہزاد ایم او آر کے عہدے پر تعینات تھا، ریکارڈ کے مطابق زبیر وٹو 18 جو لائی 2018 سے 8 جولائی 2021 تک ایم او آر کے عہدے پر تعینات رہا جبکہ ان کے بعد 10 ماہ کےلئے عثمان لیاقت اور 20 روز کےلئے شہزاد قریشی بھی اس عہدے پر تعینات رہ چکے ہیں مگر ان کے ادوار میں نہ تو منڈیاں فعال ہو سکیں اور نہ ہی ٹھیکیداروں کو ان کی ادائیگیاں، البتہ فیصل شہزاد کے اڑھائی ماہ کے عرصہ 11مئی 2022 سے 30جولائی 2022 تک کے عرصہ میں ہی منڈیاں لگئیں اور ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں بھی ہوئیں۔ ذرائع کا یہاں تک کہنا ہے کہ ٹھیکیداروں کی آخری قسط کے وقت فیصل شہزاد کا تبادلہ ہوگیا تھا اور ان کی جگہ عثمان لیاقت کی دوبارہ تعیناتی ہو چکی تھی مگر مرکزی ملزم فیصل شہزاد نے پرانی تاریخوں میں سائن کرکے پوری پیمنٹ ادا کرنے کا ذمہ بھی اپنے سر لے لیا۔ ذرائع کا مذید کہنا ہے کہ فیصل شہزاد نے یہ جانتے ہوئے بھی کہ پچھلے سال منڈیاں 52کروڑ جبکہ ان کے دور میں ڈیڑھ سو فیصد اضافے پر لگنے جارہی ہیںمگر اضافی ادائیگیوں کے عوض انہوں نے مبینہ طور پر 8 کروڑ روپے تک کمیشن وصول کیا مگر ا سکے باوجود مرکزی ملزم فیصل شہزاد کا نام ایف آئی آر میں دانستہ شامل نہیں کیا گیا، وہ کون سی طاقت ور ترین سیاسی و (ر) سرکاری شخصیات اس کی پشت پناہی کررہی ہیںجسکا ابھی تک تمام سرکاری دفاتر میں طوطی بولتا ہے، جس کے اثرو رسوخ اور دباﺅ میں آکر مرکزی ملزم کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے؟ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اربوں روپے کی اس چوری میں سابقہ کمشنر کیپٹن (ر) عثمان اس وقت ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ تھے اور انہوں نے ہی بوگس بلوں کی حتمی منظوری دی تھی۔