سینیٹ: پر تشدد انتہا پسندی کی روک تھام کا بل پیش ہونے کے بعد ڈراپ

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیر مملکت شہادت ایوان نے سینیٹ میں پر تشدد انتہا پسندی کی روک تھام کا بل 2023 پیش کر دیا۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے پہلے مجوزہ بل پر ایوان سے رائے مانگی اوربعد میں بل کو ڈراپ کر دیا۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ایسی قانون سازی کرنا ہو تو کم از کم اتحادیوں کو تو اعتماد میں لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل کسی کے بھی خلاف استعمال ہو سکتا ہے، ایسا بل تاریخ کا حوالہ بن جائے گا، ایسا بل پاس نہ کیا جائے، اس بل سے برا¿ت کا اعلان کرتا ہوں۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے جے یو آئی (ف) کی طرف سے ایوان میں پرتشدد انتہا پسندی بل کی مخالفت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ بہت سارے معاملات اس بل کی زد میں آجائیں گے، اگر آپ نے زور سے نعرہ بھی لگایا تو کہا جائےگا کہ تشدد پر اکسایا جارہا ہے، آج اجلاس بلانے کی ضرورت تھی؟ کیا بل کو پاس کرنے کا مقصد تھا؟ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بل لانا میرا کام ہے اور ووٹ دینا آپ کا کام ہے۔ سینیٹر غفور حیدری نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) بل کی مخالفت کرتی ہے۔ سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ اس بل کی مخالفت کرتا ہوں، یہ بل پی ٹی آئی کے نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کیخلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل ایک پارٹی کو ٹارگٹ کر کے پیش کر رہے ہیں، یہ بل جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا، اس بل کی مخالفت کرتا ہوں۔ سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ یہ اتنا اہم بل ہے اس سے بہت سے لوگوں کی زندگیوں پر فرق پڑ سکتا ہے، لگتا ہے کہ یہ تحریک انصاف کو عام انتخابات میں روکنے کا بل ہے، مجھے اس بل سے یہی بو آ رہی ہے۔ سینیٹ: آج پیش کیا جانیوالا پ±ر تشدد انتہا پسندی کی روک تھام کا بل کیا ہے؟ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر طاہر بزنجو نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے اتحاد کے تمام بڑے فیصلے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کر رہی ہیں، یہ بل جمہوریت کیخلاف ہے۔ سینیٹر طاہر بزنجو کا کہنا ہے کہ کسی جماعت کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، یہ بل جمہوریت پر کھلا حملہ ہے، ہم اس بل کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں، اگر بل منظور کیا گیا تو ایوان سے واک آو¿ٹ کرونگا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ آج اجلاس بل کیلئے نہیں بلکہ ایوان کے دن پورے کرنے کیلئے بلایا تھا، حکومت اس بل کو ڈراپ کرے نہ کرے، میں ڈراپ کرتا ہوں۔ وزیر مملکت شہادت اعوان نے توشہ خانہ کے انضباط و مینجمنٹ کا بل ایوان میں پیش کر دیا۔ شہادت اعوان نے ایئر پورٹس کے بہتر انتظام و ترقی اور ایئر ٹرانسپورٹ سروسز کا بل بھی پیش کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ ایسے بل کمیٹی میں بھیجے جانا چاہئیں، قومی اسمبلی میں کوئی اپوزیشن نہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے فرائض و اختیارات کا بل کمیٹی کو بھیج دیا۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ ایک دن کے لیے کمیٹی میں بھیج رہا ہوں، کمیٹی کل اپنا اجلاس بلائے۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان رویت ہلال بل 2023 بھی کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔