شہباز گل جان بوجھ کر بھاگ رہے ہیں،تفصیلی فیصلہ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)شہباز گل جان بوجھ کر بھاگ رہے ہیں،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے اشتہاری قرار دینے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا،ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے 2 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیا شہباز گل پہلے کی طرح پھر سے عدالت سے غیر حاضر رہے، وارنٹ منسوخی ،ویڈیو لنک پر حاضری کی درخواست دی،وکیل صفائی کے مطابق شہباز گل سخت علیل ہیں، عدالت نہیں آ سکتے، اشتہاری قرار دینے کی کارروائی عدالت میں پیشی کے بغیر ختم نہیں کی جا سکتی۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کہا مخصوص وقت کےلئے بیرون ملک جانے کے ہائی کورٹ کے حکم کی شہباز گل نے خلاف وزری کی، پولیس نے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی رپورٹ جمع کرا دی،فیصلے میںکہا گیاپولیس کے مطابق شہباز گل کی رہائش گاہ پر اشتہاری قرار دینے کا اشتہار چسپاں کر دیا وہ جان بوجھ کر اپنی گرفتاری سے بھاگ رہے ہیں۔

عدالت اشتہاری قرار دیتی ہے،شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جاتے ہیں، نادرا کی رپورٹ کے مطابق شناختی کارڈ بھی بلاک کر دیا گیا ، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسلام آباد شہباز گل کی جائیداد پر رپورٹ31 جولائی تک دیں۔