بدخواہ ملک کو دیوالیہ کرنے کیلئے دن رات جادو ٹونا کرر ہے تھے، وزیراعظم

کراچی، اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ اگست میں اتحادی حکومت کی مدت پوری ہورہی ہے، عوام کے مینڈیٹ سے نئی حکومت آئےگی، ملک کو دیوالیہ کرنے کےلئے بدخواہ دن رات جادو ٹونا کررہے تھے۔

کراچی میں نوجوانوں میں لیپ ٹاپ و قرض فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا وزیراعلیٰ سندھ جواں سال وزیراعلیٰ ہیں، ٹیم محنت کررہی ہے، گورنرکا جوانوں کی ٹریننگ کیلئے شاندار پروگرام لائق تحسین ہے، اسی طریقے سے پاکستان تیزی سے ترقی کے راستے پر گامزن ہوگا۔ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت ہے، وسائل نوجوانوں کے قدموں میں نچھاور کرنے چاہئیں، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے۔

شہبازشریف نے کہا ماضی میں خادم پنجاب کی حیثیت سے جو کچھ کیا وہ نہیں بتانا چاہتا، پچھلے بجٹ سے ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کررہے ہیں، لیپ ٹاپ کیلئے کوئی سفارش نہیں، صرف تعلیم معیار ہے، موقع ملا تو چاروں صوبوں میں 5 سے 10 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے، نوجوان قوم کے مستقبل کی ضمانت ہیں، ملک کیلئے اربوں ڈالرز کما کر لائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا غریب پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبا ہے، اب اشرافیہ بوجھ قبول کرے، معیشت ری سٹرکچر کرنی ہے۔ وزیراعظم یوتھ لون کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کیلئے 75 لاکھ قرض دینگے، آگے بڑھانے کیلئے نوجوانوں کو ہنرمند اور بااختیار بنانا ہوگا، لیپ ٹاپ حاصل کرنےوالے اکثر بچوں کا تعلق سندھ کے دورافتادہ علاقوں سے ہے، تعلیم کے شعبے کیلئے تمام ممکن وسائل فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔،بینک آسانی سے بڑے بزنس ہاﺅسز کو قرض دیتے ہیں، بینکوں کو یقینی بنانا ہوگا کہ نوجوانوں کو بھی قرض ملے۔ پی ٹی آئی حکومت نے نوجوانوں، کسانوں، چھوٹی انڈسٹریز کا خیال نہیں رکھا۔

شہبازشریف نے کہا غربت اور بےروزگاری سے نجات کیلئے مربوط پلان تیارکرلیا، پاکستان اب ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا، کچھ لوگ جاد و ٹونا اور پھونکیں مار رہے تھے تاکہ ملک ڈیفالٹ کرجائے لیکن شکر ہے پاکستان ڈیفالٹ کی جانب نہیں گیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اشرافیہ کو بوجھ قبول کرنا ہوگا، مزدور تو پہلے ہی دبا ہوا ہے اگر پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ بجلی و گیس کی چوری ہر صورت روکنا ہوگی، یقین ہے نوجوان پاکستان کو پار لگائیں گے۔

دریں اثنا چیمبر آف کامرس ایکسپورٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا بجلی سستے نرخوں پر نہ ملنا صنعتوں کیلئے دھچکا ہے، تاجر پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، آپکو بجلی 49 روپے یونٹ مل رہی ہے، تھر میں پاور پلانٹ لگائیں گے تو کراچی کو 28 روپے یونٹ بجلی ملے گی۔

شہبازشریف نے کہا بلیم گیم میں جائیں گے تو نقصان کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا، الزام تراشی سے کسی کو کچھ نہیں ملنا، ایکسپورٹرز کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، روشنیوں کا شہر کراچی گیٹ وے ٹو پاکستان ہے۔ وزیراعظم نے کہا صنعتکار صرف مطالبات نہ رکھیں کیا کیا چاہئے، اسلام آباد آئیں ملکر بیٹھ کر جامع ایکسپورٹ پالیسی بناتے ہیں، ملک میں گیس کی پیداوار انتہائی محدود ہے، چاہتے ہیں پاکستان کو مشکلات سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی قیادت نے اہم ملاقات کی اور کے الیکٹرک کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم اور ایم کیو ایم وفد میں مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ ایم کیو ایم قیادت نے کہا کے الیکٹرک کی اوور بلنگ سے کراچی کے شہریوں میں لاوا پک رہا ہے۔

وزیر اعظم نے ایم کیو ایم کی درخواست پر فوری اقدام کرتے ہوئے وزیر توانائی خرم دستگیر کو کراچی میں کے الیکٹرک کےساتھ اجلاس کا حکم دےدیا۔ شہبازشریف نے کہا خرم دستگیر پیر کو ایم کیو ایم ، کے الیکٹرک حکام کےساتھ اجلاس کریں۔ وزیراعظم نے ایم کیو ایم قیادت کو منگل کے روز اسلام آباد مدعو کرلیا، اسلام آباد میں ایم کیو ایم وفد کی مختلف وزارتوں کے حکام سے بھی الگ الگ ملاقاتیں ہوں گی۔

ایم کیو ایم نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ساتویں قومی خانہ و مردم شماری کے عبوری نتائج موجودہ حکومت جاری کرے، وزیراعظم نے کہا تاحال پرانی حلقہ بندی اور مردم شماری پر اگلے الیکشن کا فیصلہ نہیں ہوا۔

شہبازشریف نے ایم کیو ایم وفد کو یقین دلایا نگران حکومت کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کمیٹی، مردم شماری پر وزارت کے حکام سے بات چیت ہوگی، تمام فیصلے اتحادیوں کی مشاورت سے ہوں گے۔

مزید برآں وزیر اعظم شہباز شریف سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال، ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔

جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے سابق میئر راولپنڈی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار نسیم کے گھر جا کر والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

قبل ازیں اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے مخلوط حکومت کے 4 آر فریم ورک کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

شہبازشریف نے کہاگزشتہ روز بین الاقوامی پارٹنرز سپورٹ گروپ کے تیسرے اجلاس کی صدارت کی، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری بحالی و تعمیر نو کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جنیواکانفرنس میںتمام بین الاقوامی ترقیاتی عطیہ دہندگان، شراکت داروں، دوست ممالک کو بروقت و فراخدلانہ امداد کےلئے سراہا اور عالمی شہرت کے تیسرے فریق کے ذریعے آڈٹ کی جانیوالی غیر ملکی امداد کے شفاف، موثر اور موثر استعمال کا یقین دلایا۔