لاہور (خبرنگار) ممکنہ طور پر آج سے شروع ہونے والی بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے سے قبل لوگوں کے جانی و مالی نقصان کو محفوظ بنانے کےلئے والڈ سٹی لاہور اتھارٹی مخدوش اور خستہ حال عمارتوں کے حوالے مثبت پالیسی ترتیب دینے میں تاحال ناکام ہے۔ اندرون شہر کو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنانے اور اس کی خوبصورتی کو بحال رکھنے کی غرض سے اربوں روپے کے فنڈز حاصل کرنے والی والڈ سٹی اتھارٹی خستہ حال عمارتوں کو زمین بوس ہونے سے قبل محفوظ بنانے اور لوگوں کی املاک اور جانوں کو بچانے کےلئے کوئی عملی کارروائی کرنے میں عدم سنجیدہ دکھائی دے رہی ہے۔ پیشن گوئی کے مطابق آج سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے جارہا ہے، والڈ سٹی اتھارٹی انتظامیہ کو ماضی میں کئی ایسی مثالیں مل جائیں گی کہ جب بھی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو ا ہے تو اندرون شہر میں کوئی ایک آدھ گھر ضرور زمین بوس ہوا ہے جس کے نیچے آکر کئی لوگوں کی جان بھی چلی گئی ہے، اب بھی والڈ سٹی کی حدود میں سینکڑوں گھر ایسے ہیں جو انتہائی مخدوش حالت میں موجود ہیںتاہم ایسے گھروں میں مقیم لوگ مالی لحاظ اس قدرکمزور ہیں کہ وہ ان عمارتوں کی مرمت و بحالی کےلئے پیسے خرچ کرنے کے قابل نہیں مگر والڈ سٹی اتھارٹی کے پاس بے پناہ فنڈز موجود ہیں جو خستہ حال عمارتوں کی بحالی و مرمت کے نام پر استعمال کئے جائیں تو ایسے گھروں میں مقیم لوگوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔
لاہور والڈ سٹی اتھارٹی مخدوش عمارتوں کیلئے مثبت پالیسی ترتیب دینے میں ناکام



















