اسلام آباد، پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ بیرون ممالک استقبال کرنےوالوں کے چہرے کہہ رہے ہوتے ہیں آگئے پیسہ مانگنے، اگر وقت ضائع کرنا بند کردیں، 9 مئی جیسے واقعات کو آئندہ ہمیشہ کےلئے روک دیں تو پاکستان مزید ترقی کی منازل طے کرےگا، ہمسائے کے آگے نکلنے میں قصور اپنا ہے، بھکاری پن کے خاتمے کےلئے اپنے پاوں پر کھڑا ہونا ہوگا، ماضی سے سبق سیکھنا ہوگا، قائداعظم، علامہ اقبال کی تعلیمات کو لےکر آگے بڑھنا ہوگا، بےروزگاری ختم ہوگی، ملک میں خوشحالی ہوگی، فیصلہ کرنا ہے ہاتھ اونچا رکھنا یا کشکول لےکر پھرنا ہے، صرف ایک چیز کی کمی ہے اور وہ ہے ول ٹو ڈو۔
شہبازشریف نے کہا خیبرپختونخوا نے پاکستان کو دہشت گردی سے بچانے کےلئے تاریخی کردار ادا کیا، 2 ارب ڈالر کی فراہمی پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، لیپ ٹاپ صرف میرٹ پر ملیں گے، سفارش پر ایک لیپ ٹاپ نہیں جائےگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاٹا یونیورسٹی کے فیزون کی افتتاح اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا صوبے کے عوام نے بہت قربانیاں دیں، لیپ ٹاپس کی تقسیم سے کلاشنکوف کا کلچر، بےروزگاری ختم ہوگی، ملک اپنے پاوں پرکھڑا ہوگا، خوشحالی ہوگی، شہبازشریف نے کہا آئی ایم ایف پروگرام خوشی نہیں مجبوری سے قبول کیا، بھکاری پن کے خاتمے کےلئے اپنے پاوں پر کھڑا ہونا ہوگا، مشکل وقت میں ساتھ دینے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاک فوج کے سربراہ جنر ل عاصم منیر کابھی شکریہ ادا کرتے ہیں انہوں نے بہت کام کیا۔
شہبازشریف نے کہالمحہ فکریہ ہے، لمحہ فخریہ نہیں، ہمسایہ اگر آگے نکل گیا تو قصور ہمارا ہے، 90 کی دہائی میں پاکستانی روپیہ بھارتی روپے سے زیادہ تھا، کپاس کی برآمد بھارت سے زیادہ تھی، ملک صرف محنت اور مسلسل جدوجہد سے کامیاب ہوتے ہیں، سب متحد ہوکرکام کریں گے تو پاکستان خوشحال ہوگا، زراعت و صنعتوں میں انقلاب لانا ہوگا، زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور برآمدات کےلئے جامع پالیسیاں مرتب کی جا رہی ہیں۔ شہبازشریف نے کہاکرپشن نے ملک کی جڑوں کو تباہ کردیا، رونے دھونے سے کبھی ملک خوشحال نہیں ہوتے، میں یا دوسرے زعما بیرون ممالک جاتے ہیں تو جب استقبال کیا جاتا ہے تو میں لوگوں کے چہروں کو دیکھتا ہوں، استقبال کرنے والوں کے چہرے کہہ رہے ہوتے ہیں آگئے پیسہ مانگنے۔
دریں اثناوزیر اعظم شہباز شریف نے با اختیار خواتین پروگرام کا اجرا کردیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا آبادی کا نصف سے بھی زیادہ حصہ خواتین ہیں، خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں، خواتین ملک میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دے رہی ہیں، خواتین بچوں کی تعلیم و تربیت و معاشرے کی تعمیرمیں اہم کردار ادا کرتی ہیں، وزیراعظم نے کہا 75 سال گزرنے کے باوجود خواتین کے حقوق کی فراہمی کےلئے خاطرخواہ کام نہیں کیا گیا، قومیں خواتین کے کردار کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتیں، پاکستان کو سب سے بڑا چیلنج معاشی و خوشحالی کا ہے۔
شہبازشریف نے کہا سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر سٹیٹ بینک کے اکاونٹ میں جمع کرا دیئے ، کب تک قرضے لیتے رہیں گے، یہ ہے وہ چبھتا ہوا سوال جو مجھے اپنے آپ اور سب سے کرنا ہے، ماضی سے سبق حاصل کرنا ہو گا، 90 کی دہائی میں پاکستان بڑا مستحکم تھا، وزیر اعظم نے کہا مرد و خواتین کو پاکستان کی ترقی میں بھرپور حصہ لینا ہوگا، بااختیار خواتین پروگرام میں شہدا کی فیملیز کےلئے فنڈز رکھا گیا ،آج آئی ایم ایف بورڈ بیٹھے گا دعا کریں معاہدہ ہوجائے۔ شہبازشریف نے کہالمحہ فکریہ ہے کب تک آئی ایم ایف کے پاس جاتے رہیں گے، زنجیریں توڑنی ہیں تو تمام وسائل کو بروئے کار لانا ہو گا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر جمع کرانے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا پاکستان ،سعودی عرب کے درمیان آئی ٹی، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور لیبر سمیت اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جانا چاہئے۔
شہبازشریف نے پاکستان کےلئے فراخدلانہ و غیر متزلزل حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا جس نے خاص طور پر آئی ایم ایف کےساتھ معاہدے کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سعودی سفیر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان ،سعودی عرب برادرانہ رشتے میں بندھے ہیں جو باہمی اعتماد، افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی لازوال روایت پر مشتمل ہے، وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا پاکستان سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کا بے تابی سے منتظر ہے۔
مزید برآں چین کی ناظم الامور پانگ چنکسو سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان ،چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 102 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور پاکستان کی یکجہتی، سالمیت اور اقتصادی ترقی کےلئے کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی کیانگ کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کےلئے چین کی قیادت کے پختہ عزم کو سراہا۔
اس موقع پرچین کی ناظم الامور نے اس بات پر زور دیا پاکستان چین کا سدا بہار سٹرٹیجک شراکت دار اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والا دوست ہے، چینی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کا خصوصی مقام ہے، تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا اہم منصوبہ ہے، چینی قیادت سی پیک کو بی آر آئی کے اعلیٰ معیار کے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے پاکستانی حکومت کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کہاپولیو کا خاتمہ ، مہلک بیماریوں سے بچوں کوبچا نا اورغذایت کی کمی کے مسائل پر قابو پانا حکومت کی ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کی پاکستان میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کےساتھ ملکر جاری تعاون کو مزید بہتر و نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں، وسائل میں سب کی شمولیت کےلئے موجودہ حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
بل گیٹس نے وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت و پولیو کے خاتمے کےلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا پولیو وائرس سے بچوں کو معذور ہونے سے بچانے کےلئے پاکستان کی بھرپور مدد جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم، بل گیٹس نے قریبی تعاون، اشتراک عمل سے کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
جبکہ اپنی ٹوئٹ میںوزیراعظم شہبازشریف نے کہاسٹیٹ بینک میں2 ارب ڈالر ڈیپازٹ رکھوانے پر عوام کی طرف سے برادر ملک سعودی عرب کا تہہ دل سے شکریہ اداکرتا ہوں، ملکی زرمبادلہ ذخائر مضبوط ہوں گے، اقدام برادر ممالک اور عالمی برادری کے بڑھتے اعتماد کا بھی مظہر ہے، ملکی معاشی بہتری کےلئے تمام ضروری کوششیں کرنے کے اپنے پختہ عزم پر کاربند و سرگرم عمل ہیں،مقصد کے حصول کےلئے وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی قابل قدر کوششوں کو بھی سراہتا ہوں۔
اپنی ایک اور ٹوئٹ میںوزیراعظم شہبازشریف نے کہا غذائی تحفظ، زراعت پرقومی سیمینار کوئی معمول کی تقریب نہیں تھی، زرعی شعبہ اقتصادی ترقی کا سب سے بڑامحرک بن سکتا ہے، خلیجی ممالک سے زرعی شعبے میں اگلے 4 سے 5 سال میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کےساتھ ساتھ 40 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، قرضوں سے نجات پا کر مضبوط معیشت کی تعمیر کریں گے۔ شہبازشریف نے کہا کہ زراعت، فوڈ سکیورٹی کے قومی سیمینار میں دوسرے سبز انقلاب کی بنیاد کے طور پر زراعت کے شعبے میں بہتری لانے کی اہمیت پر زور دیا، دوسرا سبز انقلاب پاکستان کی اقتصادی ترقی کےلئے زرعی شعبے کو بڑا محرک بنانے کا سبب بنے گا۔
آبنائے ہرمز کشیدگی کے باوجود پٹرول قیمتوں میں مسلسل کمی
ADB نے پاکستان کیلئے 25 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دیدی
طاقت کے مرکز کے قریب ہونے کا مطلب یہ نہیں دوسروں کو روند کر آگے بڑھا جائے:خواجہ آصف
پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مشترکہ کمرشل ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مخصوص ایجنڈے،نظریات کے فروغ کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے: عطاتارڑ
پنجاب میں جنسی تشدد کی روک تھام، متاثرین کے تحفظ ، انصاف تک رسائی کیلئے جامع فریم ورک کا اجرائ
افسران کے مابین پیشہ ورانہ مہارتوں کا تبادلہ عوام دوست پولیسنگ کی بنیاد ہے :آئی جی پنجاب
ایف بی آر کا 17 سالہ مربوط ٹیکس نظام ختم، انکم اور سیلز ٹیکس کے شعبے الگ کرنے کا فیصلہ
تمام پراجیکٹس کو مقررہ وقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے: کمشنر ساہیوال
خیبر پختونخوا میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ کا نام تبدیل، اسٹیبلشمنٹ مقرر


















