زراعت کی مضبوطی سے قرض نہیں مانگنا پڑیگا،جعلی ادویات کے خاتمے کیلئے آرمی ایکٹ لاگو کرنا چاہئے،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے زراعت کی مضبوطی سے مجھے یا سپہ سالار کو قرض نہیں مانگنا پڑیگا ،سیاسی استحکام تک کوئی پاکستان میں سرمایہ کاری کےلئے تیار نہیں، زرعی انقلاب سربراہ پاک فوج کا ویژن ہے، آئندہ 5 برس میں 50 ارب ڈالرز تک سرمایہ کاری اور 40 لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، زراعت پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ملک میں 1960ءکے بعد دوسرا سبز انقلاب لایا جا رہا ہے، سبز انقلاب سے پاکستان کو خوشحالی کی راہ پر ڈالیں گے۔

غذائی تحفظ قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا 75 سالوں میں ایسے کئی ویژن آئے اور چلے گئے، ترقی کا راز صرف مسلسل عمل و محنت میں مضمر ہے، دھرتی سے سونا اُگلنے والے کسان یہاں بیٹھے ہیں، کسان کروڑوں لوگوں کو غذائی اجناس فراہم کرتے ہیں، زراعت کیلئے سازگار ماحول دینا کسانوں کا حق ہے، حکومت کسانوں کو ہر ممکن وسائل فراہم کرےگی۔

شہبازشریف نے کہا کسان کو مناسب قیمت ملے گی تو پھر شوق سے محنت کرےگا۔ گندم ،کپاس کی پیداوار اچھی ہوگی، پاکستان میں ریکارڈ گندم کی پیداوار ہوئی، زرعی انقلاب کیلئے صحت مند بیج، اچھی کھاد بروقت، ادویات کی فراہمی حکومت کا فرض و جدید ٹیکنالوجی وقت کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا فصلوں کی جعلی ادویات کی وجہ سے کسانوں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر سول کورٹس میں جعلی ادویات کا فیصلہ نہیں ہوتا تو پھر خاتمے کےلئے آرمی ایکٹ لاگو کرنا چاہئے تاکہ کسان کی محنت ضائع نہ ہو، ماضی میں جب وزیراعلیٰ تھا تو جعلی ادویات کو ختم کردیا تھا، تمام عوامل پاکستان کو دنیا میں بہترین ملک بناسکتے ہیں۔

سپہ سالار نے گرین پاکستان انیشیٹیو ویژن کی بات کی اور مشورہ دیا شہبازشریف صاحب معاملے کو آگے بڑھانا ہے اور ملکر بہت بڑے ویژن کو عملی جامع پہنانا ہے جس پر میں جنرل سید عاصم منیر کا مشکور ہوں۔

وزیراعظم نے کہاپروگرام کی کامیابی کےلئے وفاق، صوبائی حکومتیں اور تمام ادارے بشمول ریسرچ سینٹرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ریسرچ سینٹر کی بحالی و ترقی کےلئے ہر چیز مہیا کریں گے،وزیراعظم نے سوال کیا کیا وجہ ہے 1960 کے بعد سارے ریسرچ سینٹرز سست روی کا شکار ہوگئے، میرٹ پر چھوڑ کر سیاسی بھرتیاں ہوئیں، زراعت سمیت ملک کو نقصان ہوا؟ اقربا پروری سکہ رائج الوقت بن گئی ،شہبازشریف نے کہاملک میں کوئی کمی نہیں، اکھٹے ہوکر زراعت کے انقلاب کے ویژن کو آگے بڑھانا ہے، میں اور تم نہیں بلکہ ہم کر کے ویژن کو آگے بڑھائیں گے تو پاکستان دنیا میں عظیم ملک بن جائےگا، پاکستان میں زرعی انقلاب برپا ہونے جارہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا ملک میں ساڑھے 4 ارب ڈالر کا خوردنی تیل امپورٹ کیا، تدارک کےلئے زرعی انقلاب سے فائدہ اٹھانا ہوگا، کوشش کریں تو روایتی سیمینار ثابت نہیں ہوگا، قوم کو آگے بڑھا سکتے ہیں، کمربستہ ہوگئے تو کوئی سمندر اور پہاڑ راستے کی رکاوٹ نہیں بنے گا، میں، سپہ سالار اور وزیر خزانہ آپ کو نہیں بتاسکتے کس طرح منتیں اور ترلے کر کے قرض لیا، مزید قرض نہیں لے سکتے۔

شہباز شریف نے کہا پاکستان کے معاشی حالات قرض سے نہیں سرمایہ کاری سے ٹھیک ہوسکتے ہیں، خلیجی ممالک پاکستان گرین انیشیٹیو میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں، کوئی بھی سرمایہ کار سیاسی حالات سازگار نہ ہونے تک سرمایہ کاری نہیں کرتا، اپنے دوست کو یقین دلائیں پیروں پر کھڑے ہونے جا رہے ہیں تو مزید ساتھ دیں گے،شہبازشریف نے کہازرعی انقلاب منصوبے سے 4، 5 سال میں 50 ارب ڈالرز تک کی سرمایہ کاری آئے گی، 40لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، 2 سال میں پاکستان کوکھویا ہوا مقام دلوائیں گے، انہوں نے مزید کہا قومی سلامتی کا تقاضا ہے معاشی سکیورٹی کو مضبوط بنائیں اور زرعی معاش کو بہت مضبوط بنائیں۔