چیئرمین پی ٹی آئی ذہنی مریض ،بیرون ملک جھوٹے اور فراڈیئے کی پراکسیز ہیں،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے چیئرمین پی ٹی آئی ذہنی مریض ،بیرون ملک جھوٹے اور فراڈیئے کی پراکسیز ہیں،تحریک انصاف کا کوئی ترجمان نہیں، صرف ٹوئٹر ہینڈل ترجمان ہے،بے شرم آدمی سوال کرتا ہے 9 مئی کے واقعات کا فائدہ کس کو ہوا؟ واقعات کا فائدہ صرف پاکستان کے دشمنوں کو ہوا ، 9 مئی کی توڑ پھوڑ ،جلاﺅگھیراﺅ میں ملوث عناصر کےخلاف کارروائی کی جائےگی،نواز شریف کے حق میں ہر طرف سے گواہیاں آرہی ہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہاکوئی بھی شخص اپنا چہرہ فتنے اور فسادی کےلئے سامنے لانے کو تیار نہیں،فراڈ، سازشی، فتنہ، فسادی ٹولہ ملک اور عوام کو لوٹ کر چلا گیا، عوام کی روزی روٹی تباہ ،معیشت کو تباہ کیا، شخص جھوٹا اور ذہنی مریض ہے، مرض لا علاج ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہافتنے کے کہنے پر دوسروں کو چور کہنے والے لوگ آج نواز شریف کی اچھائی کی گواہیاں دے رہے ہیں،ملک سے باہر بیٹھا فسادی کا ٹولہ اداروں کےخلاف مہم جوئی کرتا ہے، ٹولے نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر کے شہدا کےخلاف مہم جوئی کی، آرمی چیف، اہم شخصیات کےخلاف خطرناک سوشل میڈیا مہمات چلائیں،اداروں کےخلاف سوشل میڈیا پر مذموم مہم چلائی جا رہی ہے، تمام لوگ فارن ایجنٹ، جھوٹے اور فراڈیئے کی پراکسیز ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہافارن ایجنٹ کبھی کہتا ہے مجھ پر قاتلانہ حملہ ہو رہا ہے،کوئی پوچھے اگر تم پر قاتلانہ حملہ ہونے والا ہے تو منہ پر بالٹی رکھنے کی کیا ضرورت ہے،ایف آئی اے کے پاس تمام ثبوت موجود ہیں جن پر کارروائی ہو رہی ہے، 9 مئی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ ایک شخص ہے، شرپسندوں کو مکمل ہدایات جاری کی گئیں، فتنہ،فساد کی تربیت زمان پارک میں فراہم کی جاتی رہی۔