دہشتگردی مقدمات، چیئرمین پی ٹی آئی پولیس چالان میں ملزم نامزد،ضمانتوں میں توسیع

اسلام آباد(بیورورپورٹ)چیئرمین پی ٹی آئی کے گرد گھیرا تنگ،دہشتگردی مقدمات کے پولیس چالان میں ملزم نامزد کردیا گیا، جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس و دیگر دہشتگردی کے 5مقدمات میں پولیس نے انسداد دہشتگردی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی و دیگر ملزموں کیخلاف چالان عدالت میں جمع کراتے ہوئے ملزم قرار دیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے ٹرائل کے باضابطہ آغاز کےلئے چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر، علی نواز اعوان سمیت دیگر ملزموں کی طلبی کے سمن جاری کر دئیے،عدالت نے ملزموں کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہامنگل کوچالان کی نقول فراہم کی جائیں گی۔

ادھر انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں درج 11 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کر دی، جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیئے کیا عدالت صرف ضمانت دینے کیلئے بیٹھی ہے؟ ملزم بےگناہ ہے تو انصاف دیا جائے، تفتیش بروقت اور جامع ہونی چاہئے، ملک بچانے کیلئے بیٹھے ہیں،جج نے ریمارکس دیئے عدالت کسی کو سپورٹ نہیں کرتی، پراسیکیوشن جامع تفتیش کرے تاکہ انصاف ہو۔

بعدازاں اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کر دی،دوسری جانب اسلام آباد کی سیشن عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف 6 اوراہلیہ بشریٰ کیخلاف ایک مقدمے کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا نے کی،لیگل ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت سے لے جانے کی کوشش کی تو جج نے روک لیا۔

جج نے استفسار کیا دیگر کیسز میں کیا تاریخ ملی ہے؟ وکیل نے بتایا 19 جولائی کی تاریخ ملی، آپ کیلئے دعا نکلتی ہے، 19 جولائی کی تاریخ دے کر دل خوش کر دیں،جج طاہر عباس سپرا نے عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے کہا اگر شامل تفتیش نہ ہوئے تو آئندہ سماعت پر فیصلہ سنا دوں گا،دریں اثناچیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف تھانہ شہزاد ٹاون میں درج 2مقدمات کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج فرخ فرید بلوچ نے کی، عدالت نے 19 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔