لاہور، لیہ، بہاولنگر، پشاور (خبر نگار+ کرائم رپورٹر+ بیورو رپورٹ) لاہور میں نان سٹاپ طوفانی بارش، 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بہاولنگر، لیہ، شانگلہ، کرک میں بھی 5 اموات۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں مون سون کے طاقتور سپیل اور کئی گھنٹوں کی نان سٹاپ بارش نے 30 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، لکشمی چوک میں سب سے زیادہ 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، مختلف حادثات میں 9افراد جان کی بازی ہار گئے، شدید بارش کے باعث شہر ڈوب گیا، سڑکیں سمندر کامنظر پیش کرتی رہیں، نشیبی علاقے بھی زیر آب رہے۔
گاڑیاں، موٹرسائیکلیں خراب ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے و دیگر تکنیکی خرابی کی وجہ سے متعدد علاقے کئی گھنٹے بجلی سے محروم رہے۔
مصری شاہ میں بارش کے باعث بوسیدہ چھت گر نے سے 8 سالہ بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، چونگی امر سدھو بوستان کالونی میں بجلی کی تار ٹوٹ کر سڑک پر آگری۔ گلی میں سے گزرنے والا موٹر سائیکل سوار نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ متوفی کی لاش گھنٹے تک بارش کے پانی میں پڑی رہی، رائیونڈ کے خالی پلاٹ میں جمع بارش کے پانی میں 11 سالہ بچہ ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گیا،کشمیری دروازہ سرکلر روڈ پر نامعلوم خاتون بارش کے پانی سے گزرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے چل بسی،پاکستان منٹ باغبانپورہ میں 17 سالہ احتشام کرنٹ لگنے ،سنی پارک ٹھوکر نیاز بیگ میں 11 سالہ ولی کھیلتے ہوئے بارش کے پانی میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا،لیہ میں شدید بارشوں کے بعد نوجوان ڈوبنے سے چل بسا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بارش کے دوران شہر کے متعدد علاقوں کے دورے کئے اور نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی شہریوں کی مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے، محسن نقوی نے 7اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا3افراد کرنٹ لگنے، 2چھت گرنے اور بچی، بچہ ڈوبنے کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے، نگران وزیراعلیٰ نے کہا شہر کا سیوریج کا مسئلہ بڑا اور پرانا ہے، ٹارگٹ ہے جلد سے جلد لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
محسن نقوی نے مزید کہاکوشش ہو گی اگلا سپیل شروع سے پہلے پانی نکال لیا جائے۔ دوسری طرف خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارشوں اور طوفان کے باعث خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ،8 زخمی ہوگئے، محکمہ ریلیف کے مطابق 7 گھروں کو جزوی ایک کو مکمل نقصان پہنچا، نقصانات کے تخمینہ لگانے کی ہدایت کر دی ،متاثرین کو ریلیف فراہم کریں گے۔
ادھر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے، بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے باعث 9جولائی سے دریائے جہلم، چناب اور راوی میں بھی سیلاب کا خدشہ ہے،مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کردیا ، تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔
لاہور ،طوفانی بارش، 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 9 افراد جاں بحق،بہاولنگر، لیہ، شانگلہ، کرک میں بھی 5 اموات


















