اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے12 جولائی کو آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں منظوری ہوجائےگی،معاہدے کی مکمل پاسداری کریں گے،پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف شرائط کی دھجیاں اڑائیں ،اب آئی ایم ایف شرائط پرعمل درآمد کیا جائےگا، نوازشریف کی قیادت میں سی پیک کا منصوبہ پروان چڑھا ،کم سے کم وقت میں ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کے ریکارڈ قائم ہوئے، چینی حکومت اور کمپنیوں کی طرف سے 25.4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی، سی پیک کے آئندہ مراحل کے لئے ہمیں نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور سپیشل اکنامک زونز کے قیام اور زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور معدنی وسائل کی ترقی کے منصوبوں پر کام کرنا ہے،مشکل وقت میں چینی حکومت اور دوست ممالک کے شکرگزار ہیں ،تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
سی پیک کی مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی ایک دہائی مکمل ہونے کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا،اس موقع پر وفاقی وزراءاسحاق ڈار، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، مولانا اسعد محمود، خرم دستگیر کے علاوہ چینی ناظم الامور پانگ چنشوئی اور چین و پاکستان کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا دس سال قبل 2013 میں مسلم لیگ (ن) الیکشن جیت کر اقتدار میں آئی تو انہوں نے چینی قیادت کے ساتھ مل کر یہ منصوبہ شروع کیا، 5 جولائی 2013 کو بیجنگ میں سی پیک کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط ہوئے اور یہ پہلا ایم او یو ہے جس نے حقیقت کا روپ دھارا،سی پیک کے تحت پاکستان میں کم ترین وقت میں کول اور ہائیڈل کے پاور پراجیکٹس، اورنج لائن ٹرین اور روڈ انفراسٹرکچر کے منصوبے مکمل کرنے کا ریکارڈ قائم ہوا، پاکستانی اور چینی قیادت اور انجینئرز اور محنت کشوں نے دن رات محنت کی، انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی کابینہ و ٹیم کے ارکان کو سی پیک کا منصوبہ پروان چڑھانے پر خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے چینی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل ترین وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
وزیر اعظم نے کہا آئی ایم ایف معاہدے کے لئے چین نے ہمارے لئے جو کیا، ہم اسے ہمیشہ یاد رکھیں گے،چینی قیادت کا شکریہ ادا کرنے کےلئے پاس الفاظ نہیں ،وزیراعظم نے سی پیک کو انتہائی شفاف منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا انتہائی بدقسمتی اور افسوس کا مقام ہے سابق حکومت نے اس منصوبے میں نہ صرف کیڑے نکالے بلکہ بھونڈے اور بے بنیاد الزامات لگائے اور بدگمانی پھیلائی جس سے سی پیک کے منصوبوں پر کام سست ہو گیا اور پاکستان اور چین کے تعلقات جو ہمالیہ سے بھی بلند ہیں اور جنہیں کبھی کوئی دشمن بھی کمزور کرنے کا سوچ نہ سکا، دوست نما دشمنوں نے اس میں دراڑ ڈالنے اور ان تعلقات کو خراب کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی لیکن مخلوط حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی پاک چین تعلقات کو دوبارہ بہتر سے بہترین بنانے کے لئے مخلصانہ کاوشیں کیں۔
شہبازشریف نے اس عزم کا اظہار کیا چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا اور سی پیک کا منصوبہ اب نیا رخ اختیار کرے گا جس کے تحت بی ٹو بی سپیشل اکنامک زونز قائم ہوں گے جس کے ذریعے صنعت کاری، پیداوار اور برآمدات ہوں گی۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان اور چین کے اشتراک سے زراعت کے شعبہ میں ترقی کے بے تحاشا مواقع موجود ہیں،ہماری مخلوط حکومت نے دھرنوں، احتجاج، مظاہروں، دھمکیوں اور نامساعد حالات کے باوجود ملک میں ترقی کےلئے کام کیا، دوست نما دشمن سیاسی رہنما سرمایہ کاری نہ کرنے اور پاکستان کے سری لنکا بننے کی پیشگوئیاں کرتے رہے،12 جولائی کو آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہونے جا رہا ہے، وزیراعظم نے کہا ملکر پاکستان کی معاشی صورتحال کو سنبھالنا ہے، چین نے مشکل ترین وقت میں ہمارا ساتھ دیا اور پانچ ارب ڈالر فراہم کئے، سعودی عرب، یو اے ای اور اسلامی ترقیاتی بینک نے بھی پاکستان کی بھرپور مدد کی، چین، پاکستان کے دوست ممالک اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مشکل وقت میں مدد کی۔
شہباز شریف نے کہا پاکستان کو آگے بڑھنے کا موقع ملا ہے، سابق حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط کی دھجیاں اڑائیں لیکن ہم آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی پاسداری کریں گے، دوست نما دشمن پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی بددعائیں کر رہے تھے لیکن الحمداللہ 9 مہینے کا پروگرام بن چکا ہے، پاکستان کے ڈیفالٹ کا دور دور تک کوئی خدشہ نہیں ، اب اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونا ہے، محنت کرنی ہے، خون پسینہ بہانا ہے اور غریب عوام کو مہنگائی سے بچانا ہے، اشرافیہ اور دولت مند طبقے کا فرض ہے آگے بڑھے اور پاکستان کوکھویا ہوا مقام واپس دلانے کےلئے اپنا کردار ادا کرے۔
وزیراعظم نے سی پیک کے آئندہ مراحل کے لئے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے پر زور دیتے ہوئے کہا اب سپیشل اکنامک زونز، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور معدنی وسائل کی ترقی کےلئے کام کرنا ہے، پاکستان میں اربوں کھربوں ڈالر کے معدنی وسائل موجود ہیں جنہیں پاکستان کے عوام اور دونوں ممالک کی بہتری اور ترقی کےلئے بروئے کار لایا جا سکتا ہے، وزیراعظم نے برسوں سے پاکستان میں خدمات سر انجام دینے والے چینی انجینئرز اور کارکنوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے سی پیک کے 10سال مکمل ہونے پر پیغام میں چین اورپاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے چین اور پاکستان آئرن برادر ز ہیں، سی پیک اس آزمودہ سدا بہار بااعتماد سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کا ایک نیا باب ہے،پاکستان اور چین کی قیادت اور عوام کو مبارک پیش کرتا ہوں کہ سی پیک کو دس سال مکمل ہوگئے ،چین اور پاکستان آئرن برادر ز ہیں، سی پیک اس آزمودہ سدا بہار بااعتماد سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کا ایک نیا باب ہے،سی پیک چین کے عظیم رہنما شی جن پنگ اور قائد نوازشریف کے ترقی سب کےلئے وڑن کا شاندار نمونہ ہے،بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ صدر شی جن پنگ کی امن، دوستی، معاشی شراکت داری اور بقائے باہمی کی سوچ کا مظہر ہے،سی پیک صدر شی جن پنگ کا پاکستان کے عوام کے لئے تحفہ ہے،افسوس ہے 4سال سی پیک کی راہ میں رکاوٹ آئی، چین جیسے عظیم دوست پر بے بنیاد الزامات عائد ہوئے۔
شہبازشریف نے کہاسی پیک کے دشمن پاکستان اور خطے میں ترقی، امن، خوش حالی کے دشمن ہیں، وہ نہیں چاہتے ہمارے عوام کو غربت سے نجات ملے،سی پیک پر کام کی رفتار دوگنا کررہے ہیں، یہ غربت ، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے خاتمے کا منصوبہ ہے، انہوں نے کہا بھارت کو بھی سی پیک کے راستے میں رکاوٹ بننے کے بجائے ثمرات سے فائدہ اٹھانا چاہیے،سی پیک سے ایران، افغانستان، وسط ایشیا اور پورے خطے کو ثمرات ملیں گے،محض روڈ، ریل، سمندری اور فضائی راستوں میں بہتری کا ہی نہیں، صحت، تعلیم، ہنرمندی اور ترقی کے عمل میں حصہ داری کا شاندار منصوبہ ہے،سی پیک خطوں اور علاقوں کو ہی نہیں عوام کے دِل جوڑنے کا بھی خوبصورت منصوبہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا گلوبلائزیشن میں اکنامک ریجنلائزیشن کا گیم چینجر منصوبہ ہے،یہ ہمارے خطے میں عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور انہیں غربت سے نکال کر امن سے رہنے کا سفر ہے،سی پیک پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کو فولادی بنانے کا ذریعہ اور باہمی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے،اس میں فراہمی آب سے لے کر تعلیم وفنی تربیت ، ہنرمندی تک کے منصوبے شامل ہیں،ملک بھر میں 9 سپیشل اکنامک زونز کی تعمیر سے ٹیکنالوجی کی منتقلی ہوگی، صنعتی اشتراک عمل اور مقامی پیداوار میں اضافہ ہوگا،این ڈی ایم اے کی استعداد کار میں اضافہ اور قدرتی آفات سے بچاﺅ کے لئے پیشگی اقدامات بھی سی پیک کا حصہ ہیں،زراعت کی ترقی کے لئے مشترکہ منصوبے بھی اس میں شامل ہیں جس سے غذائی تحفظ یقینی ہوگا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی طور پر مربوط خطے کے مشترکہ وڑن کو ترجیح دیتے ہوئے عالمی جغرافیائی سیاسی صورتحال کے تناظر میں ایس سی او فورم پر مشترکہ ردعمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے پاکستان خوشحالی، امن اور رابطے کے مشترکہ خواب کو پورا کرنے کےلئے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا،انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) سربراہان مملکت کونسل کے ورچوئل اجلاس میں اپنی تقریر میں اقتصادی طور پر مربوط خطے کے مشترکہ وژن کو ترجیح دیتے ہوئے عالمی جغرافیائی سیاسی صورتحال کے تناظر میں ایس سی او فورم پر مشترکہ ردعمل کی ضرورت پر زور دیا،انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے فریم ورک کے اندر ایشیا اور یورپ کے درمیان قدرتی پل کے طور پر پاکستان کے پرکشش جغرافیائی محل وقوع پر روشنی ڈالی۔
شہبازشریف نے کہا میںنے خاص طور پر رکن ممالک پر زور دیا وہ ہرقسم کی دہشت گردی بشمول ریاستی دہشت گردی کی مذمت کریں اور ملکی سیاسی ایجنڈوں کے حصول میں پرتشدد قوم پرستی اور مذہبی اقلیتوں کو درپیش خطرات سے خبردار رہیں کیونکہ تمام لوگوں کو بنیادی حقوق اور آزادی دینے سے ہی پائیدار امن قائم کیا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا شنگھائی تعاون تنظیم کے امکانات کو بڑھانے کےلئے ایک ضروری شرط کے طور پر افغان عبوری حکومت کے ساتھ بین الاقوامی روابط بڑھانے کے تناظر میں انہوں نے افغان حکام پر زور دیا وہ اپنے عالمی وعدوں کو پورا کریں، انہوں نے پاکستان میں گزشتہ سال شدید سیلاب سے کس طرح تباہی ہوئی اس بارے میں بھی آگاہ کیا۔
،وزیراعظم نے بین الاقوامی برادری سے کہا وہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کو کم کرنے اور ان کے مطابق ڈھالنے میں مدد فراہم کرنے کی اپنی یقین دہانیوں پر عمل کریں،وزیراعظم نے کہا اس میں کوئی شک نہیں ایس سی او اپنی سرحدوں کے اندر رہنے والے لوگوں کے لیے ایک امید افزا مستقبل کی تشکیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان خوشحالی، امن اور رابطے کے ہمارے مشترکہ خواب کو پورا کرنے کےلئے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے صدر جو بائیڈن اور امریکی عوام کو امریکہ کے یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان نے ہمیشہ امریکہ کےساتھ اپنے تعلقات کی قدر کی ہے،وزیراعظم نے کہا گزشتہ 75 سالوں کے دوران ہمارے دوطرفہ تعلقات میں وسعت اور گہرا ہونے کا سلسلہ جاری ہے، امریکہ پاکستان کے بڑے تجارتی، دفاعی اور اقتصادی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان اور امریکہ کی حکومتوں نے باہمی تعلقات کو مستحکم رکھنے کے لیے عملیت پسندی اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا جو مضبوط شراکت داری کو ظاہر کرتا ہے۔
ادھروزیراعظم شہباز شریف نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدر کو 24 ویں یوم شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے قوم کیپٹن کرنل شیر خان شہید سمیت اپنے تمام شہداءکو سلام پیش کرتی ہے،کیپٹن کرنل شیر خان شہید پاکستان کا وہ بہادر اور جری بیٹا ہے جس کی جرات، دلیری اور شجاعت کا اعتراف خود دشمن نے کیا، 17 ہزار فٹ کی بلندی پر گلتری کے مقام پر دفاع وطن کا حق مثالی فرض شناسی سے ادا کیا اور اپنی جان ارض پاک پر قربان کردی۔
شہبازشریف نے کہا کیپٹن کرنل شیر خان اپنے نام کی طرح شیر بن کر دشمن پر جھپٹا اور مادر وطن کی سرحدوں سے حملہ آور دشمن کو مار بھگایا، کیپٹن کرنل شیر خان نے اپنے جانبازوں کے ہمراہ دشمن کے مقابلے میں تعداد میں کم ہونے کے باوجود پاکستان کی سرحد کا دفاع کیا۔
وزیراعظم نے کہا قوم اپنے شہدا کی ہمیشہ مقروض رہے گی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتی رہے گی،9 مئی کو کیپٹن کرنل شیر خان سمیت دیگر شہدا کی یادگاروں اور مجسموں کی بے حرمتی کرکے ندامت کی سیاہ تاریخ لکھی گئی، نوجوان نسل خاص طور پر اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں، بہادری اور ان کی وطن سے لازوال محبت سے مکمل آگاہی حاصل کرے،9 مئی کے واقعات سے دنیا خاص طور پر دشمنوں کو پیغام گیا ہم اپنے شہدا کی عزت نہیں کرتے، جس شہید نے وطن کا دفاع کرتے ہوئے جان قربان کردی، اس کی حرمت اور ناموس کی حفاظت پوری قوم کرے گی اور مجرموں کو سزا دے گی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے طوفانی بارشوں کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب کو امدادی ٹیموں کو فوری متحرک کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے حکم دیا ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے ، میونسپل اور متعلقہ اداروں کے اشتراک عمل کو یقینی بنایا جائے، شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کےلئے تمام اقدامات کئے جائیں، انہوں نے ضرورت پڑنے پراین ڈی ایم اے اوروفاقی اداروں کو پنجاب حکومت کو بھرپور معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی شہریوں کو خبردار کرنے، ٹریفک کے متبادل انتظامات اور نکاسی آب کے لئے ضروری اقدامات یقینی بنائیں،وزیراعظم نے ملک کے دیگر حصوں میں بھی مون سون بارشوں کے دوران پیشگی حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہااین ڈی ایم اے پی ڈی ایم ایز صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک عمل سے پیشگی انتظامات میں معاونت فراہم کریں،دیہی علاقوں میں شہریوں کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی، مال مویشیوں کو بچانے کے اقدامات کئے جائیں،وزیراعظم نے اربن فلڈنگ سے بچانے کےلئے فوری اور ضروری اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت کی،وزیراعظم نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا سمیت تمام پہاڑی علاقوں میں انتظامیہ کو متحرک کرنے اور تمام اقدامات سے وزیراعظم آفس کو مطلع رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
بھارت کو سی پیک سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش،آئی ایم ایف معاہدے کی مکمل پاسداری کریں گے،وزیراعظم


















