جاپان کےساتھ بھرپور دوطرفہ تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں: بلاول بھٹو زرداری

ٹوکیو (مشرق نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جاپان کے ساتھ تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔ جاپان کے درالحکومت ٹوکیو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جاپانی ہم منصب کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ بطور وزیر خارجہ جاپان کا پہلا دورہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جاپان کے ساتھ سرمایہ کاری، تجارت، آئی ٹی، سیاحت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، متاثرین سیلاب کی مدد پر حکومت جاپان کے شکر گزار ہیں۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان جاپان کو افرادی قوت مہیا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے جاپانی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتا ہوں، پاکستانی عوام جاپان کیلئے اچھے جذبات رکھتے ہیں۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سکلڈ فورس کے تبادلے کیلئے پاکستان میں لینگویج اسسمنٹ ٹیسٹ کی سہولت پر اتفاق ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ سولرائیزیشن، ڈی سیلی نیشن اور واٹر پیوری فکیشن کے شعبے میں جاپان کےساتھ ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا ہے کہ دورے میں نجی شعبے کے افراد سے بات چیت کروں گا، نجی شعبہ دو طرفہ تعلقات میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔