پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی دور کا ریکارڈ دینے سے گریزاں

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کی سربراہی میں کام کرنیوالی مینجمنٹ کمیٹی کے ریکارڈ کی فراہمی سے گریزاں ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی دور کا تمام ریکارڈ4جولائی تک فراہم کرنے کی تنبیہ کردی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کو دوبارہ یادھانی کا خط لکھ دیا جس میں نجم سیٹھی دور میں مینجمنٹ کمیٹی کی بھرتیوں کے تمام ریکارڈ، کوچز سمیت کنٹریکٹ اور مستقل بنیادوں پر رکھے گئے تمام افراد کا ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے دور میں اخراجات کے تمام ریکارڈ کی فراہمی یقینی بنائی جاے، نجم سیٹھی دور میں ہونیوالے معاہدوں ، مینجمنٹ کمیٹی کے ممبران پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیلات بھی فراہم کی جاے، بتایا جاے مینجمنٹ کمیٹی کے دور میں کوچز اور آفیشلز کیخلاف کتنی انکوائریاں ختم کی گئی؟ خط میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو تمام ریکارڈ 4جولائی تک فراہم کرنے کی تنبیہ کی گئی ہے۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ یادھانی خطوط16مئی، 2، 13، 22جون کوبھی لکھ چکی ہے۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے یادھانی خط تحریر کیا گیا۔یاد دہانی خط کی کاپی وزیراعظم آفس کو بھی ارسال کی گئی۔ واضح رہے کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے غیر ضروری اخراجات سے متعلق شکایات پر وفاقی حکومت نے ریکارڈ طلب کر رکھا ہے۔