امریکہ، بھارت اعلامیہ من گھڑت، بے بنیاد، سفارتی اصولوں کے منافی ہے: مقررین

لاہور (نمائندہ خصوصی) چیئرمین نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ چیف جسٹس(ر) اعجاز نثار‘ سینئر وائس چیئرمین میاں فاروق الطاف‘ چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس ( ر) میاں محبوب احمد‘ سینیٹر مشاہد حسین سید‘ بیگم مجیدہ وائیں‘ سینیٹر ولید اقبال‘بیگم مہناز رفیع‘ چوہدری نعیم حسین چٹھہ‘لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم ‘ سیکرٹری نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ ناہید عمران گل نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں امریکہ، بھارت اعلامیہ میں پاکستان سے متعلق مخصوص حوالے کو بے بنیاد، من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت اور اسے سفارتی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج نے ایک مثال قائم کی ہے۔ پاکستان کے عوام اس جنگ میں اصل ہیرو ہیں۔عالمی برادری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو بار بار تسلیم کیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت میں ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی ہو رہی ہے اور مسلمانوں پر عرصہ¿ حیات تنگ کر دیا گیا ہے۔وہاں آئے روز گائے کے ذبیحہ کی آڑ میںمسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھی گزشتہ 76برسوں سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ہونےوالے اپنے وحشیانہ جبر اور اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت اس طرح کا پراپیگنڈا کرتا ہے لیکن دنیا اس کی اصلیت جان چکی ہے لہٰذا مریکہ بھی پاکستان کے خلاف بھارت کے بے بنیاد اور سیاسی بیانیے کی حوصلہ افزائی سمجھے جانے والے بیانات سے گریز کرے۔ بیان میں بھارت کو جدید فوجی ٹیکنالوجیز کی منتقلی پر بھی گہری تشویش اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے خطے میں فوجی عدم توازن بڑھے گا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے موقع پر دونوں ممالک کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان پر زور دیا گیا تھا کہ بھارت کے خلاف سرحد پار سے دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والے گروپوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔