مکہ مکرمہ (مشرق نیوز) حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا، روح پرور مناظر، اللہ اکبر کی صدائیں، میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں خطبہ حج، اُمت مسلمہ کی بخشش کیلئے خصوصی دعائیں، تفصیلات کے مطابق میدان عرفات کی مسجد نمرہ سے شیخ ڈاکٹر یوسف بن سعید نے خطبہ حج دیا جسے لاکھوں عازمین سمیت دنیا بھر میں موجود مسلمانوں نے ٹی وی پر براہ راست سنا، خطبہ حج کا ترجمہ اُردو سمیت دنیا کی متعدد زبانوں میں براہ راست نشر کیا گیا۔
شیخ ڈاکٹر یوسف بن سعید نے خطبہ حج میں کہا کہ تمام تعریفیں اللہ تعالی کیلئے ہیں، اللہ تعالی نے تفرقہ ڈالنے سے منع کیا، انسانوں کو تقویٰ اختیار کرنا چاہئے، کبھی بھی کسی معاملے پر کسی دوسرے معبود کو نہ پکارا جائے، مصیبت اور پریشانی میں اللہ تعالی سے رجوع کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا ہے اللہ تعالی نے لوگوں کے نیک اعمالوں کی وجہ سے ان کو ہدایت عطا کی، حاکمیت اور حقیقی حکمرانی اللہ تعالی کی ذات کی ہے، جو انسان اللہ تعالی کی نافرمانی کرتا ہے وہ جنت میں داخل نہیں ہوسکتا، انسان اللہ سے ڈر کر زندگی بسر کرے، ان باتوں سے انسان کو رکنا چاہئے جس میں اللہ کی ناراضگی ہے۔
شیخ ڈاکٹر یوسف بن سعید نے کہاہے وہی لوگ کامیاب ہونے والے ہیں جو اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیتے ہیں، اللہ کی عبادت ایسے کرو جیسے آپ اللہ کو دیکھ رہے ہیں، ایمان والے لغویات میں اپنا وقت ضائع نہیں کرتے، ایمان والے لوگ اپنی شہوات کے پجاری نہیں بنتے، انسان کو اس وقت فضیلت ملتی ہے جب وہ اللہ سے ڈرنے والا بن جاتا ہے، کسی عربی کو عجمی، کسی گورے کو کسی کالے پر فضیلت حاصل نہیں، اللہ کی حدود کی حفاظت کا مطلب ہے کہ ہم صرف اللہ کی عبادت کریں، انسان نماز کو قائم کرے۔ انہوں نے کہا تمام مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں۔
جو اللہ کے احکامات کو پس پست ڈال دیتے ہیں تو ایسے معاشرے میں امن و امان قائم نہیں رہتا۔ بیویوں، بچوں، والدین اور ہمسایوں کے حق میں نرمی اختیار کرنی چاہئے، اللہ نے فرمایا آپسی تنازعات کے حل کیلئے اللہ کی کتاب سے رہنمائی حاصل کرو، نماز، روزہ، زکو اور بیت اللہ کے حج کا حکم اللہ نے دیا ہے، جو آدمی اتحاد اور جماعت سے علیحدہ ہوجاتا ہے تو شیطان اس پر غلبہ پا لیتا ہے،خطبہ حج کے دوران شیخ ڈاکٹر یوسف نے کہا ہے ایمان والے آپس میں بھائی بھائی ہیں، ہمیں آخرت کیلئے اپنی تیاری ابھی سے کرنی چاہئے، حشر کے دن انسان کے کام اس کے اعمال آئیں گے۔
، جو لوگ شیطان کے پیروکار بنتے ہیں وہ ہر وقت لڑائی جھگڑے میں پڑے رہتے ہیں، آپ نے فرمایا مسلمان بھائی کیلئے وہی چیز پسند کرو جو اپنے لئے کرتے ہو، مسلمانوں کیلئے ضروری ہے وہ اچھے اخلاق قائم رکھیں، انسان صرف اللہ تعالی کی ذات کی بندگی کرے، عزیزو اقارب کے ساتھ حسن و سلوک کا رویہ اختیار کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے خطبہ حج میں کہا ہے کہ ہمیں ہمیشہ دوسروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں، ہمیں اچھے کاموں کیلئے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، نفرت کے بجائے محبت کے پیغام کو عام کرنا چاہیے، حاجیوں کو اللہ کے اطاعت کے راستوں کو اختیار کرنا چاہئے۔
ایمان والے آپس میں بھائی بھائی ہیں، اس اُمت کو اختلافات میں نہیں پڑنا چاہئے، اللہ کا راستہ قرآن کا راستہ ہے، اللہ اور اس کے رسول کے راستے کو لازم پکڑو، اگر مومنوں کے دو گروہ آپس میں لڑیں تو انکی صلح کروا دی جائے، خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ یوسف نے کہا ہے اللہ عظیم ہے اور حکمت والا ہے، اللہ رب العزت نے تفرقے سے منع فرمایا، قرآن میں اتحاد کی اہمیت کو بیان کیا گیا ہے، اتحاد میں ہی دین و دنیا کے معاملات میں فلاح ہے، مسلمانوں کا آپس میں ملکر رہنا ضروری ہے، اللہ نے فرمایا جس نے کتاب میں اختلاف کیا وہ ہدایت سے دور ہیں، مسلمانوں کو آپس میں جڑ کر رہنا ضروری ہے۔
ہمیں حکم دیا گیا اختلاف ہوجائے تو قرآن اور سنت کی طرف جائیں، قرآن کریم میں مسلمانوں کے لیے جڑکر رہنے کا حکم ہے،انہوں نے کہا ہے مسلمانوں کیلئے ضروری ہے اچھے اخلاق رکھیں، اچھے اخلاق سے دوسروں کے دل میں جگہ پیدا ہوجاتی ہے، شریعت مطہرہ کا مقصد ہے مسلمان آپس میں جڑ جائیں، ارشاد ہوتا ہے شرک نہ کرنا، والدین سے حسن سلوک کرو،گناہ کے کاموں میں تعاون نہ کرو، تقوی میں تعاون کرو، شیطان چاہتا ہے مسلمانوں میں تفرقہ پیدا ہو، دین میں تمام تعلیمات ہیں جو مسلمانوں کو جوڑ کر رکھتی ہیں، شریعت میں حکم ہے جھگڑا کرنے والوں کو سمجھایا جائے۔
ارشاد ہوتا ہے امت واحدہ ہے، اللہ کے حکم پر عمل کرنےوالی، شیخ ڈاکٹر یوسف نے خطبہ حج میں مزید کہا ہے اللہ کی ذات دعاں کو سننے والی ہے، حج اور اس کے بعد انسان کو دعاو¿ں کو جاری رکھنا چاہئے، جو تمہارے ساتھ نیکی کا معاملہ کرتا ہے تو تم بھی وہی معاملہ اس کے ساتھ رکھو، اللہ تعالی ہمارے حجاج کے حج کو قبول فرمائے، جن جن لوگوں کی جائز خواہشات ہیں اللہ ان کی خواہشات کو پورا فرمائے۔ بعدازں میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا ہونے کے بعد حجاج کرام نے مسجد نمرہ سے خطبہ حج سننے کے بعد ظہر و عصر کی نمازیں یکجا کر کے ایک ساتھ ادا کیں۔
اذان مغرب کے بعد حجاج میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوئےجہاں نماز مغرب اور عشا کو ملا کر ادا کیا۔ بعدازاں عازمین حج نے رات مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے عبادت اور ذکر و اذکار کرتے ہوئے گزاری اور شیطان کو مارنے کیللئے کنکریاں جمع کیں، 10 ذی الحج کو نماز فجر کے بعد مزدلفہ سے واپس منی روانہ ہوئے اور حضرت ابراہیم ؑ کی سنت کی پیروی میں رمی جمرات کیا، شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کی اور احرام کھول دیئے،بال منڈوا کر طواف زیارت کیلئے مسجد الحرام گئے، عازمین حج نے خانہ کعبہ جا کر طواف زیارت کیا اور آج شام واپس منی جا کر ایام تشریق گزاریں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے لاکھوں عازمین حج، تمام پاکستانیوں اورامت مسلمہ کو حج 1444ھ کی مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرلکھا ہے مکہ مکرمہ میں فریضہ حج کی ادائیگی کرتے لاکھوں عازمین حج، تمام پاکستانیوں اور امت مسلمہ کو میری طرف سے حج 1444ھ بہت بہت مبارک ہو، وزیر اعظم نے کہا حج کے موقع پر میری بارگاہ رب جلیل میں یہ دعا ہے پاکستان کی تمام معاشی مشکلات دور ہوں اور پاکستان ترقی، امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنے، شہبازشریف نے کہا کہ میری حج کے اس پاک موقع پر یہ بھی دعا ہے خدائے بزرگ و برتر امت مسلمہ بالخصوص ہمارے کشمیری اورفلسطینی بہن بھائیوں کی تمام مشکلات دورکریں، آمین!
مسلمانو تفرقے میں نہ پڑو، متحد رہو: خطبہ حج



















