پاکستان میں بہت سے صنعتکار سولر اور بیٹریوں کی انڈسٹری لگانا چاہتے ہیں:خرم دستگیر

گوجرانوالہ (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک میں سولر انڈسٹری لگنے سے سولر سسٹم بہت سستا ہو جائےگا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ سولر سسٹم کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، پاکستان میں بہت سے صنعتکار سولر اور بیٹریوں کی انڈسٹری لگانا چاہتے ہیں۔خرم دستگیر نے کہاکہ شہباز شریف نے بجلی پیداوار میں 5 ہزار میگا واٹ کا اضافہ کیا، ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے سیلاب میں بھرپور کردار ادا کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی مزید پیداوار کیلئے کام کر رہے ہیں، نیوکلیئر پلانٹ سے سستی بجلی حاصل ہو گی۔انہوںنے کہاکہ لائن لاسز اور بلوں کو کم کرنے کی ضرورت ہے، چینی کمپنی ساڑھے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرےگی۔مسلم لیگ (ن )کے رہنما نے کہا کہ سمندری طوفان کے باعث کچھ مشکلات آئی تھیں، 4 سال سے سی پیک پر کام نہیں ہوا۔