لاہور ( کورٹ رپورٹر،خبر نگار)عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب ومرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پرویز الٰہی کوایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں دوبارہ گرفتار کرکے ضلع کچہری عدالت میں پیش کیا ، جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک نے کیس پر سماعت کی ،ایف آئی اے وکیل نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہاپرویز الٰہی کےخلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں، تفتیش مکمل کرنے کےلئے جسمانی ریمانڈ درکار ہے، تفتیشی افسر نے بھی یہی موقف پیش کیا۔
پرویز الٰہی کے وکیل ایڈووکیٹ رانا انتظار نے اپنے دلائل میں کہاجس مقدمے میں پرویز الٰہی کو گرفتار کیا گیا اس میں پہلے بھی انکوائری ہو چکی ،سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کےلئے کیسز بنائے جا رہے ہیں، عدالت پرویز الٰہی کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے۔
دوران سماعت پرویز الٰہی نے جوڈیشل مجسٹریٹ سے استدعا کی بات کرنا چاہتا ہوں،پرویز الٰہی نے روسٹرم پر آکر گفتگو کرتے ہوئے کہا مجھے جیل میں سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، ایف آئی اے والے جیل سے لےکر آئے ، فرش پر کیڑے رینگتے ہیں، کوئی سہولت فراہم نہیں کی جارہی،پہلی سماعت پر بھی یہی کپڑے تھے اب بھی وہی سوٹ پہنا ہوا ہے، ہائی کورٹ کا حکم نہیں مان رہے، توہین عدالت ہونی چاہیے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد پرویز الٰہی کے ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کیا، بعدازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
دوسری جانب پرویز الٰہی کےخلاف درج مقدمات کی تفصیلات اور حفاظتی ضمانت کےلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی،درخواست میں ایف آئی اے، پولیس اور اینٹی کرپشن کو فریق بنایا گیا ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیاپرویز الٰہی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب رہے ،سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے جارہے ہیں،عدالت مقدمات کی تفصیلات فراہم کرے اور منی لانڈرنگ کے مقدمے میں پرویز الٰہی کی حفاظتی ضمانت منظور کرے۔
پرویزالٰہی منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار،جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، جیل منتقل
















